اسٹاک ایکسچینج نے 50 ہزار پوائنٹس کو چھو لیا

اپ ڈیٹ 24 جنوری 2017
اسکرین گریب—۔بشکریہ پی ایس ایکس ویب سائٹ
اسکرین گریب—۔بشکریہ پی ایس ایکس ویب سائٹ

کراچی: کاروباری ہفتے کے دوسرے ہی روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں شدید تیزی دیکھنے میں آئی اور کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس 173 پوائنٹس اضافے کے بعد 50 ہزار 49 کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔

ٹریڈنگ کے آغاز پر آئل، کیمیکل، فرٹیلائزرز اور سیمنٹ کے شعبوں میں ٹرن اوور مثبت دکھائی دیا تاہم کاروباری افراد کی جانب سے شیئرز کی فروخت میں اضافے کی وجہ سے سیلنگ پریشر بڑھ گیا اور بعدازاں 233 پوائنٹس تنزلی کے بعد ہنڈرڈ انڈیکس کم ہوکر 49 ہزار 930 کی سطح پر آگیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایکس کے 40 فیصد شیئرز کی فروخت کے معاہدے پر دستخط

ماہرین کے مطابق اگر آج دن کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 50 ہزار پوائنٹس سے زائد پر بند ہوتا ہے تو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کی ایک نئی ریلی متوقع ہے۔

یاد رہے کہ چینی کنسورشیم نے گزشتہ برس دسمبر میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 40 فیصد حصص خریدے تھے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچنج نے 40 فیصد شیئرز کی فروخت کے لیے عالمی سرمایہ کاروں سے بولیاں طلب کی تھیں، اور چینی کنسورشیم نے 28 روپے فی شیئر کے حساب سے سب سے زیادہ بولی دی تھی، جس کا تخمینہ 85 کروڑ ڈالر یا 8 ارب 96 کروڑ روپے لگایا گیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان اسٹاک کے 40 فیصد شیئرز چین نے خرید لیے

رواں ماہ اس خریداری کے معاہدے پر دستخط کی تقریب ہوئی، اس موقع پر وزیرخزانہ اسحٰق ڈار نے معاہدے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور شنگھائی کنسورشیم کے درمیان معاہدے سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی معیشت کو عالمی سطح پر پہچان مل چکی ہے اور عالمی ادارے پاکستانی منڈیوں کی بہتری کے معترف ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں