نیا سنگ میل، اسٹاک ایکسچینج 50 ہزار پوائنٹس پر بند

اسکرین گریب—۔بشکریہ پی ایس ایکس ویب سائٹ
اسکرین گریب—۔بشکریہ پی ایس ایکس ویب سائٹ

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں آج تاریخی تیزی دیکھنے میں آئی اور کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس 435 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 50 ہزار 192 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر بند ہوا۔

رواں ہفتے 24 جنوری کو بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید تیزی دیکھنے میں آئی تھی اور ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس 50 ہزار 49 کی ریکارڈ سطح پر پہنچا تھا، تاہم بعد میں انڈیکس گر گیا تھا۔

مزید پڑھیں:اسٹاک ایکسچینج نے 50 ہزار پوائنٹس کو چھو لیا

اسٹاک ایکسچینج میں اس تاریخی تیزی کی وجہ لوکل فنڈز اور بڑے ڈویژن کے انفرادی سرمایہ کاروں کا فعال ہونا ہے۔

آج پاور اور سیمنٹ سیکٹر میں تیزی دیکھنے میں آئی، جس کی وجہ سے اسٹاک ایکسچینج نے نیا سنگ میل عبور کیا۔

اقتصادی ماہرین کے مطابق چینی کنسورشیم کے ساتھ 40 فیصد شیئرز کی فروخت کے معاہدے کے بعد مزید سرمایہ کار متوجہ ہوں گے اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج مزید نئے ریکارڈز بنائے گا۔

یاد رہے کہ چینی کنسورشیم نے گزشتہ برس دسمبر میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 40 فیصد حصص خریدے تھے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچنج نے 40 فیصد شیئرز کی فروخت کے لیے عالمی سرمایہ کاروں سے بولیاں طلب کی تھیں، اور چینی کنسورشیم نے 28 روپے فی شیئر کے حساب سے سب سے زیادہ بولی دی تھی، جس کا تخمینہ 85 کروڑ ڈالر یا 8 ارب 96 کروڑ روپے لگایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اسٹاک کے 40 فیصد شیئرز چین نے خرید لیے

رواں ماہ اس خریداری کے معاہدے پر دستخط کی تقریب ہوئی، اس موقع پر وزیرخزانہ اسحٰق ڈار نے معاہدے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور شنگھائی کنسورشیم کے درمیان معاہدے سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی معیشت کو عالمی سطح پر پہچان مل چکی ہے اور عالمی ادارے پاکستانی منڈیوں کی بہتری کے معترف ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں