'قابل' کی نمائش: ہریتھک کے والد پاکستان کے شکرگزار

04 فروری 2017
راکیش روشن اور ہریتھک روشن کی فلم 'قابل'کو پاکستان میں مثبت ردعمل موصول ہورہا ہے — فوٹو/ فائل
راکیش روشن اور ہریتھک روشن کی فلم 'قابل'کو پاکستان میں مثبت ردعمل موصول ہورہا ہے — فوٹو/ فائل

بولی وڈ فلم 'قابل' وہ پہلی فلم ہے جس کی نمائش پابندی ہٹنے کے بعد پاکستان میں کی گئی اور فلم کے پروڈیوسر راکیش روشن اس بات پر بے حد شکر گزار ہیں۔

ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق ہریتھک روشن کے والد راکیش روشن کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ جہاں پاکستان میں بولی وڈ فلموں کو قبول کیا جارہا ہے وہیں اب ہندوستان کو بھی چاہیے کہ وہ پاکستان کے لیے آگے بڑھے۔

انہوں نے کہا کہ 'میں صرف یہی کہنا چاہتا ہوں کہ اگر پاکستان نے ہمارے لیے اپنا ہاتھ آگے بڑھایا ہے تو اب ہمیں بھی ان کے لیے آگے بڑھنا چاہیے'۔

مزید پڑھیں: فلم 'قابل'روایتی کہانی، ہریتھک کی شاندار پرفارمنس

انہوں نے اپنے اس بیان میں انڈین موشن پروڈیوسرز کی طرف اشارہ کیا، جنہوں نے گزشتہ سال پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کرنے کے ساتھ پاکستانی فلموں اور ڈراموں کی نمائش بھی روک دی تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس ڈان کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں فلم ڈسٹری بیوٹر ندیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بولی وڈ فلموں کی نمائش میں کچھ دن، ہفتے یا مہینے بھی لگ سکتے ہیں، کیوں کہ سب سے پہلے ہندوستانی پروڈیوسرز کو اپنی فلمیں پاکستان کو فروخت کرنے کی اجازت دینی ہوگی۔

فلم 'قابل' کے بعد کرن جوہر کی فلم 'اے دل ہے مشکل'، اور شاہ رخ خان اور ماہرہ خان کی فلم 'رئیس' کی بھی پاکستان میں نمائش کی جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں