اسلام آباد: پاکستانی ٹینس کھلاڑیوں اعصام الحق اور عقیل خان نے اپنے اپنے سنگلز میچ جیتنے کے بعد 12 سال بعد ملک میں ہونے والے بین الاقوامی ڈیوس کپ کا ڈبلز میچ بھی جیت لیا۔

اسلام آباد میں کھیلے جا رہے ڈیوس کپ کے ڈبلز میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں اعصام الحق اور عقیل خان کا مقابلہ اپنے ایرانی حریفوں البورز اخوانی اور انوشہ شاہ غولی سے ہوا۔

پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایرانی ٹیم کو 1-6، 2-6 اور 2-6 سے شکست دی۔

پاکستان 2 سنگلز اور ایک ڈبلز میچ میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ڈیوس کپ کے ایشین اوشیانا گروپ سے سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے۔

سنگل میچ کے بعد ڈبل میچ میں بھی ایران کو شکست دینے کے بعد اعصام الحق نے ڈان نیوز سے گفتگو کے دوران پاکستان میں 12 سال بعد بین الاقوامی ڈیوس کپ کی واپسی پر خوشی کا اظہار کیا۔

اعصام الحق کا کہنا تھا کہ انہیں نہ صرف پاکستان میں عالمی ایونٹ کی واپسی کی خوشی ہے، بلکہ انہیں پاکستان کی سیمی فائنل میں جگہ بنانے کی بھی خوشی ہے۔

ان کا کہنا تھا، 'مجھ سے توقعات بہت زیادہ تھیں اور میں بہت نروس بھی تھا، لیکن مجھے اپنے لوگوں، اپنے والدین اور اپنے فینز کے سامنے کھیلنے میں بہت مزہ آیا اور اپنی سرزمین پر کھیلتے ہوئے فتح حاصل کرنا بہت زبردست احساس ہے'۔

اعصام الحق نے اس موقع پر انتظامیہ اور پاکستان ٹینس فیڈریشن کو بھی خراج تحسین پیش کیا، جنھوں نے ڈیوس کپ کے بہترین انتظامات کیے۔

انھوں نے کہا، 'میں نے اس سے قبل پاکستان میں ڈیوس کپ کے اتنے بہترین انتظامات نہیں دیکھے، جس کا سہرا پاکستان ٹینس فیڈریشن اور اسلام آباد کی انتظامیہ کو جاتا ہے، جنھوں نے فول پروف سیکیورٹی فراہم کی'۔

اس موقع پر عقیل خان نے اعتراف کیا کہ وہ کچھ نروس تھے لیکن یہ ایک بہت اچھی بات ہے کہ پاکستان نے نہ صرف ڈیوس کپ کی میزبانی کی بلکہ جیتنے کے بھی قابل ہوا۔

گزشتہ روز کھیلے گئے سنگل میچز میں عقیل خان نے ایران کے شاہین خالدان کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی، ان کی فتح کا اسکور 7-6، 6-4 اور 6-2 رہا۔

دوسرے میچ میں پاکستان کے ٹاپ کھلاڑی اعصام الحق نے آسان مقابلے کے بعد ایران کے انوشہ شاہ غولی کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دے دی، انہوں نے 6-1، 6-2 اور 6-2 سے فتح اپنے نام کی۔

تبصرے (0) بند ہیں