ملتان: ابو ظہبی سے تلور کاشکار کرنے کے لیے پاکستان آنے والے شکاریوں کے اعتراض کے بعد چولستان جیپ ریلی میں شامل ضلع رحیم یارخان کا 100 کلومیٹر کا روٹ تبدیل کردیا گیا۔

ریلی میں شامل ایک رجسٹر اُمیدوار نے ڈان کو بتایا کہ انھیں ابتدا میں جس روٹ کا نقشہ فراہم کیا گیا تھا اس میں 100 کلومیٹر کا صحرائی علاقہ بھی شامل تھا لیکن کچھ روز قبل اسے ریس سے نکال دیا گیا، جبکہ نیا نقشہ اب تک فراہم نہیں کیا گیا۔

ریس ٹریک میں دو سرکلر روٹ شامل تھے — پہلا 240 کلومیٹر کا روٹ، جس میں 100 کلومیٹر کا ضلع رحیم یار خان اور 140 کلومیٹر ضلع بہاولپور کا علاقہ شامل تھا، جبکہ دوسرا روٹ 253 کلومیٹر کا تھا، جس میں 56 کلومیٹر کا علاقہ بہاولنگر جبکہ 197 کلومیٹر کا روٹ بہاولپور سے گزرنا تھا۔

اُمیدوار نے بتایا کہ 'ضلع رحیم یار خان سے گزرنے والا 100 کلومیٹر کا ٹریک تبدیل کیا گیا ہے اور سرکلر کو 210 کلومیٹر تک محدود کردیا گیا ہے جو مکمل طور پر بہاولپور سے گزرے گا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ابو ظہبی سے آنے والے تلور کے شکاریوں کی جانب سے اٹھائے جانے والے اعتراض کے بعد مذکورہ فیصلہ کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ریلی کے منتظمین کی ایک ٹیم کو روٹ کا سروے کرتا ہوا دیکھنے کے بعد شکاریوں نے حکام سے رابطہ کیا تھا۔

جس کے بعد ریلی کا یہ ٹریک ابو ظہبی کے شکاریوں کو الاٹ کیے گئے علاقے سے منتقل کردیا گیا۔

خیال رہے کہ ابو ظہبی سے آنے والے شکاریوں کا سالانہ دورہ موسم سرما کے دیر سے شروع ہونے کے باعث تاخیر کا شکار ہوا۔

شکاری عام طور پر نومبر کے آخری ہفتے اور جنوری کے دوسرے ہفتے میں مذکورہ علاقوں کا دورہ کرتے ہیں۔

کیونکہ اس سے قبل مذکورہ ریلی ان کے یہاں سے جانے کے بعد شروع ہوتی تھی اس لیے انھوں نے روٹ پر کبھی اعتراض نہیں کیا تھا۔

پنجاب ٹورزم کارپوریشن کے ریجنل مینجر نے ریلی کے ٹریک کی تبدیلی سے لاعلمی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس کیلئے ماضی کا ٹریک ہی استعمال کیا جائے گا۔

تاہم بہاولپور کے کمشنر کیپٹن ثاقب ظفر نے تصدیق کی کہ ریلی کا ٹریک تبدیل کیا گیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ 'ہر سال ایک نیا ٹریک مختص کیا جاتا ہے، تو اسی لیے رواں سال بھی ایک نیا ٹریک استعمال کیا جائے گا'۔

انھوں نے کہا کہ شکاری ان دنوں اس علاقے میں موجود نہیں ہیں، اس لیے روٹ کی تبدیلی کیلئے ان کی جانب سے اعتراض اٹھائے جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

یاد رہے کہ چار روزہ صحرائی ریلی کا آغاز 9 فروری سے ہونا ہے۔

گذشتہ سال اکتوبر میں ریلی کے آرگنائزر (منتظم) نے یہ اعلان کیا تھا کہ فروری 2017 میں ہونے والی جیپ ریلی کا روٹ 450 کلومیٹر طویل ہوگا جو ضلع بہاولپور، رحیم یار خان اور بہاولنگر کے علاقوں پر مشتمل ہوگا۔

یہ رپورٹ 8 فروری 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں