سیکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن (ایس ای سی پی) نے مفرور اسٹاک بروکرز کو گرفتار کرنے کے لیے تحقیقاتی اداروں سے مدد مانگ لی۔

ایس ای سی پی حکام نے ڈان نیوز کو بتایا کہ عوام سے اربوں روپے کا فراڈ کرنے والے اسٹاک بروکرز کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور مفرور بروکرز کی واپسی کے لیے تحقیقاتی اداروں سے مدد مانگی گئی ہے۔

حکام کا کہنا تھا کہ عوام سے جعل سازی میں جو بھی ملوث ہوا اس کے خلاف 13 فروری سے سخت کارروائی کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا۔

دوسری جانب ذرائع نے دعویٰ کیا کہ لاہور کے ایک بروکر سمیت کئی بروکرز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں بھی ڈال دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسٹاک ایکس چینج کے 5 بروکرز اربوں روپے لوٹ کر فرار

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اسٹاک ایکس چینج (پی ایس ایکس) کے 5 بروکرز کی جانب سے عوام کے اربوں روپے لوٹ کر فرار ہونے کی خبر سامنے آئی تھی۔

مفرور اسٹاک بروکرز پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں سرمایہ کاری کے نام پر عوام کے تقریباً 7 ارب روپے ہڑپ کرکے فرار ہوئے۔

ان مفرور ملزمان میں لاہور کے 2 اسٹاک بروکرز ’ایم آر سیکیورٹیز‘ اور ’ہائی لنک سیکیورٹیز‘، کراچی کے ’ایس سیکیورٹیز‘ اور بروکر ایجنٹ وامق جبکہ اسلام آباد کا اسٹاک بروکر وحید جان شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں