پی ایس ایل : بس ڈرائیور کے بیٹے کی دھواں دھار انٹری

اپ ڈیٹ 15 فروری 2017
محمد عرفان جونیئر — اسکرین شاٹ
محمد عرفان جونیئر — اسکرین شاٹ

دبئی: پاکستان سپر لیگ کی ٹیم لاہور قلندرز میں شامل 21 سالہ فاسٹ باؤلر محمد عرفان جونئیر کی کہانی زندگی میں مشکل حالات کے باوجود آگے بڑھنے کی ایک زندہ مثال ہے۔

دراز قد عرفان جونئیر نے پی ایس ایل میں اپنے پہلے ہی میچ میں انگلینڈ کے سپر اسٹار کیون پیٹرسن کو آؤٹ کرکے سب کی توجہ حاصل کی لیکن کھیل کے بڑے اسٹیج تک پہنچنے کے لیے عرفان کو بڑے پاپڑ بیلنے پڑے ہیں۔

ننکانہ صاحب سے تعلق رکھنے والے عرفان جونئیر نے ڈان نیوز کو خصوصی انٹرویو میں اپنی کہانی بیان کرتے ہوئے بتایا کہ 'میرے والد بس ڈرائیور ہیں، بھائی بھی بس چلاتا ہے'۔

عرفان نے بتایا کہ 'میں کچھ بڑا ہوا تو گھر والوں کی مدد اور خرچہ چلانے کے لیے ورکشاپ میں کام کیا ،پھر میڈیکل اسٹور میں بھی کام کیا، میرے حالات زندگی ماضی میں اتنے اچھے نہیں رہے لیکن اب میں بہت محنت کررہا ہوں، لیگ کا آغاز اچھا کیا ہے لیکن مزید آگے جانا چاہتا ہوں'۔

عرفان نے کہا کہ کیون پیٹرسن جیسے سپر اسٹار بیٹسمین کو آؤٹ کرنا تو درکنار یہ بھی نہیں سوچا تھا کہ انہیں کبھی باؤلنگ کرانے کا بھی موقع ملے گا۔

عرفان نے کہا کہ 'لاہور قلندز کے ڈائریکٹر عاقب جاوید نے میری بہت حوصلہ افزائی کی، میں جب کیون پیٹرسن کو گیند کرنے جارہا تھا تو بس یہی چیر ذہن میں تھی کہ اپنی لائن اور لینتھ نہیں چھوڑنی ،جب پیٹرسن کو بولڈ کیا تو لگا کوئی خواب دیکھ رہا ہوں لیکن اس لمحے جو خوشی ہوئی وہ بیان نہیں کرسکتا'۔

عرفان نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پہلے میچ میں صرف 26 رنز دیکر تین وکٹیں حاصل کیں اور وہ اب پیچھے مڑ کر دیکھنا نہیں چاہتے۔

عرفان کہتے ہیں کہ 'میری خواہش ہے کہ میں آئندہ آنیوالے میچز میں موقع ملنے پر مزید بہتر کارکردگی دکھاؤں، میری پوری کوشش ہوگی کہ کرس گیل اور کمار سنگاکارا جیسے سپر اسٹارز کو باؤلنگ کرانے کا موقع ملے تو انہیں بھی آؤٹ کرنے کی کوشش کروں اور لاہور کی ٹیم کی جیت میں اپنا کردار ادا کروں'۔

لاہور قلندرز کے مینجر ثمین رانا نے ڈان نیوز کو بتایا کہ عرفان پی ایس ایل کے ڈرافٹ میں شامل نہیں تھے کہ، لاہور قلندز نے ٹیلنٹ ہنٹ میں عرفان کی صلاحیتوں کو بھانپ لیا۔

انہوں نے بتایا کہ پی ایس ایل قوانین کے تحت اگر کوئی فرنچائز کسی کھلاڑی کو خود تلاش کرتی ہے تو ایمرجنگ ٹیلنٹ کٹیگری کے ذریعے اسے ٹیم میں شامل کیا جاتا ہے امید ہے کہ عرفان مزید محنت کرکے اور بہتر کارکردگی دکھائے گا۔

واضح رہے کہ عرفان نے پی ایس ایل کھیلنے سے قبل 13 فرسٹ کلاس میچز میں 52 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں