چترال میں برفانی تودے گرنے سے برف تلے دب کر 7 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔

ڈان نیوز کے مطابق چترال لواری ٹنل میں کام کرنے والی کمپنی کے ورکشاپ پر برفانی تودہ گرگیا جس کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر 7 مزدور جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔

ڈپٹی کشمنر چترال کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو نکال لیا گیا ہے جبکہ ایک شخص اب بھی ملبے تلے دبا ہوا ہے جسے نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

مزید پڑھیں: چترال: برفانی تودہ گرنے سے 14 افراد ہلاک

برفانی تودہ گرنے کا دوسرا واقعہ مورکوہ میں پیش آیا جہاں برف کا تودہ چار مکانات پر گرا تاہم گھروں کو پہلے ہی خالی کرالیا گیا تھا جس سے جانی نقصان نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ رواں ماہ 5 فروری کو بھی چترال میں برفانی تودہ گرنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ چترال اور مضافاتی علاقوں میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے، علاقے میں شدید برفباری کی وجہ سے کاروبار زندگی مفلوج ہے، کئی مقامات پر رابطہ سڑکیں بند ہوچکی ہیں، جب کہ مواصلات کا نظام بھی متاثر ہے۔


تبصرے (0) بند ہیں