کراچی کنگز کی لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست

اپ ڈیٹ 25 فروری 2017
کراچی کنگز نے پی ایس ایل میں تیسری کامیابی حاصل کی—فوٹو: پی ایس ایل ٹویٹر
کراچی کنگز نے پی ایس ایل میں تیسری کامیابی حاصل کی—فوٹو: پی ایس ایل ٹویٹر
مک کولم 31 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے—فوٹو: پی ایس ایل ٹویٹر
مک کولم 31 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے—فوٹو: پی ایس ایل ٹویٹر

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے اٹھارویں میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کی جانب سے دیے گئے 156 رنز کے ہدف کو 5 وکٹوں کے نقصان پر آخری گیند پر حاصل کرکے ایونٹ میں اپنی پوزیشن کو بہتر بنا لی۔

کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کے 155 رنز کے جواب میں کرس گیل کی جگہ ٹیم میں آنے والے سری لنکا کے سابق کپتان مہیلا جے وردنے کو اوپننگ کے لیے بھیج دیا جو 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

نوجوان بلے باز بابراعظم نے اپنی بہترین فارم کو جاری رکھا اور ایک اچھی اننگز کھیلتے ہوئے کراچی کو بہتر پوزیشن تک پہنچادیا تاہم سنگاکارا 53 رنز کی ایک اچھی شراکت قائم کرنے کے بعد 80 ککے مجموعے پر 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

مک کولم اور ٹیم نے بہتر منصوبہ بندی کرتے ہوئے بابراعظم کو 13 ویں اوور میں فخرزمان کے ذریعے آؤٹ کیا، بابر اعظم ایک رن کے فرق سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے اور 49 رنز بنا کر 84 رنز پر آؤٹ ہوئے جبکہ روی بوپارا 2 رنز کا اضافہ کرکے غیرذمہ دارانہ انداز میں رن آؤٹ ہوگئے۔

لاہور قلندرز کے عامر یامین نے شاندار فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شعیب ملک کو رن آؤٹ کردیا جو آؤٹ ہو کر پویلین لوٹنے والے کراچی کنگز کے پانچویں بلےباز تھے۔

کیرون پولارڈ نے شاندار بلےبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچویں وکٹ میں عماد وسیم کے ساتھ مل کر کراچی کنگز کو تیسری فتح دلانے میں مرکزی کردار ادا کیا، عماد وسیم اور پولارڈ کے درمیان 55 رنز کی شراکت ہوئی۔

کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری دو گیندوں میں پولارڈ کے لگاتار دو چھکوں کی بدولت 158 رنز بنا کر 5 وکٹوں سے لاہور قلندرز کو شکست دے دی۔

عماد وسیم 19 کیرون پولارڈ 45 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے سنیل نرائن اور فخر زمان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کیں۔

کیرون پولارڈ کو فاتحانہ اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 100 رنز پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد محمد رضوان اور سہیل تنویر کی شراکت کے باعث مقررہ اوورز میں 155 رنز بنائے۔

دبئی میں کھیلے جارہے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن مک کولم پہلی مرتبہ فارم میں نظر آئے لیکن کیمرون ڈیل پورٹ 3 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر ان کا ساتھ چھوڑ گئے جس کے بعد فخرزمان نے کپتان کا ساتھ دیا اور دونوں بلے بازوں نے اسکور کو 40 تک پہنچادیا۔

مک کولم نے پی ایس ایل میں اپنی بڑی اننگز کھیلی جو صرف 31 رنز پر مشتمل تھی اور جب وہ 71 رنز پر آؤٹ ہوئے تو لاہور قلندرز کی تین وکٹیں گر چکی تھیں۔

سنیل نرائن اور عمراکمل نے اسکور کو 93 رنز تک پہنچایا مگر نرائن 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے فوری بعد عمراکمل بھی پویلین لوٹ ہوگئے جنھوں نے 20 رنز بنائے تھے۔

گرانٹ ایلیٹ نے لاہور کو گزشتہ ایک میچ میں چھکا لگا کر فتح تو دلائی لیکن کراچی کنگز کے خلاف ایک اہم میچ میں خاطر خوا کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور صرف دو رنز بنا کر شعیب ملک کی وکٹ بن گئے۔

6 وکٹیں 100 رنز پر گرنے کے بعد محمد رضوان اور سہیل تنویر نے ذمہ دارانہ بلےبازی کا مظاہرہ کیا اور 55 رنز کی شراکت کی۔

لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز کے اختتام پر 6 وکٹوں پر 155 رنز بنا کر مشکلات کا شکار ہونے کے بعد ایک بہتر ہدف دینے میں کامیاب ہوگئے۔

محمد رضوان 32 اور سہیل تنویر 22 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز کی جانب سے اسامہ میر اور شعیب ملک نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

دونوں ٹیموں کے لیے یہ میچ پلے آف مرحلے تک رسائی کے لیے اہم تھا جس میں کراچی کنگز کو کامیابی ملی۔

میچ سے قبل پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 7 میچز کھیلنے کے بعد 9 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر، اسلام آباد 8 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر جبکہ پشاور زلمی 7 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر تھی جبکہ لاہور قلندر 7 میچز کھیلنے کے بعد 6 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور کراچی کنگز 6 میچز کے بعد 4 پوائنٹس کے ساتھ آخری پوزیشن پر تھی۔

خیال رہے کہ ٹورنامنٹ میں ہر ٹیم ابتدائی طور پر 8 میچز کھیلے گی جس کے بعد فائنل کے لیے کوالیفائنگ میچز ہوں گے۔

کراچی کنگز میں کرس گیل کی جگہ مہیلا جے وردھنے کو شامل کیا گیا ہے جبکہ لاہور قلندرز نے غلام مدثر کو آرام دے کر فاسٹ بولر محمد عرفان جونیئر کو کھلانے کا فیصلہ کیا۔

دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:-

لاہور قلندرز: کیمرون ڈیلپورٹ، برینڈن میک کولم(کپتان)، فخر زمان، عمر اکمل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، گرانٹ ایلیٹ، سنیل نارائن، عامر یامین، سہیل تنویر، یاسر شاہ، محمد عرفان جونیئر

کراچی کنگز: بابر اعظم، کمار سنگاکارا، (کپتان و وکٹ کیپر)، مہیلا جے وردھنے، شعیب ملک، کیرون پولارڈ، روی بوپارہ، عماد وسیم، سہیل خان، محمد عامر، اسامہ میر، عثمان خان

تبصرے (0) بند ہیں