راولپنڈی: پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایرانی سفیر نے علاقائی امن و استحکام میں پاکستان کے کردار کا اعتراف اور تعریف بھی کی جب کہ انہوں نے آپریشن رد الفساد کو بھی سراہا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے ایرانی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 'پاک فوج پاکستان اور ایران کے درمیان قائم تاریخی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے جس پر کسی بھی قیمت پر سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا'۔

یہ بھی پڑھیں: اقتصادی سرگرمیاں مغرب سے مشرق منتقل ہورہی ہیں: ایرانی صدر

انہوں نے یہ بھی کہا کہ دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان تعاون کے خطے کے امن و استحکام پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

خیال رہے کہ یکم مارچ کو اسلام آباد میں ہونے والے اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس میں ایرانی صدر حسن روحانی نے بھی شرکت کی تھی اور انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ رکن ممالک کے سربراہان کے درمیان اتفاق رائے کے نتیجے میں تنظیم کے مقاصد اور سرگرمیوں کی تکمیل کی رفتار تیز کی جاسکتی ہے۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ای سی او خطے کی اقتصادی صورتحال میں بہتری میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

ایرانی صدر نے ای سی او ممالک کے درمیان شاہراہوں کے ذریعے رابطہ قائم کرنے کی بھی تجویز دی تھی۔


تبصرے (0) بند ہیں