الیگزینڈریا: پاکستان سے قیمتی نوادرات امریکا اسمگل کرنے کے مجرم قرار دیئے جانے والے پاکستانی نژاد امریکی شہری کو امریکا کی وفاقی عدالت 20 برس قید کی سزا سنا سکتی ہے۔

امریکی ریاست ورجینیا کے مشرقی ضلع میں امریکی اٹارنی کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق نیو میکسیکو سے تعلق رکھنے والے 42 سالہ اعجاز خان کو 5 مئی کو سزا سنائی جائے گی۔

الیگزینڈریا کی عدالت میں پیش کیے گئے شواہد کے مطابق پاکستانی نژاد امریکی شہری اعجاز خان قدیم نوادرات امریکا اسمگل کرنے کی سازش میں ملوث ہے۔

اسمگل کیے گئے نوادرات میں قدیم مٹی کے برتن اور کانسی کے ہتھیار شامل ہیں۔

اعجاز خان پر ایک اور الزام یہ بھی ہے کہ انہوں نے امریکی شہریت حاصل کرنے کے لیے اپنے 57 سالہ ساتھی ویرا لاٹ کے ساتھ مل کر امریکی امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کی۔

پاکستان سے امریکا اسمگل کیے گئے نوادارت مختلف مقامات سے چرائے گئے ہیں، جن میں پاکستان کے میں بنے گرجا گھر سے چرائے ہوئے سکے بھی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ کانسی کے یہ سکے اور غاروں سے ملنے والے نوادرات گندھارا میں ایک خودمختار سلطنت کی موجودگی کی جانب اشارہ کرتے ہیں جو تقریباً 500 سال تک جزوی طور پر علیحدہ سلطنت رہی۔

عدالت میں پیش کی گئی دستاویزات واضح کرتی ہیں کہ اعجاز خان اور ویرا لاٹ نے اپنے کاروبار کے نام پر قیمتی نوادرات کو فروخت کیا، ایسی ہی ایک غیر قانونی شپمنٹ کو ورجینیا کے واشنگٹن ڈلیس ایئرپورٹ پر اکتوبر 2013 میں روک لیا گیا تھا۔

اعجاز اور اس کام میں ملوث دیگر افراد نے اس شپمنٹ کو مکمل کرنے کے لیے بہت سی جعلی اور دھوکا دہی پر مبنی دستاویزات جمع کروائی تھیں۔

اعجاز خان پر امریکا کو دھوکا دینے کی سازش، امریکی شہریت کا غیر قانونی حصول اور امریکا میں نوادرات اسمگل کرنے کی سازش کرنے پر فردِ جرم عائد کیا گیا۔

جبکہ اعجاز خان کے ساتھی ویرا لاٹ کو امریکا کے ساتھ دھوکا کرنے، سازش اور غیرقانونی طریقے سے امریکی شہریت دلوانے کے جرم میں شریک قرار دیا گیا۔


یہ خبر 13 مارچ 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں