پجارا نے راہول ڈراوڈ کا ریکارڈ توڑ دیا

19 مارچ 2017
چتیشور پجارا نے 202 رنز کی میراتھن اننگز کے دوران 21 چوکے لگائے— فوٹو: اے ایف پی
چتیشور پجارا نے 202 رنز کی میراتھن اننگز کے دوران 21 چوکے لگائے— فوٹو: اے ایف پی

ہندوستانی بلے باز چتیشور پجارا نے آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں عمدہ بیٹنگ کی بدولت مایہ ناز سابق بلے باز راہول ڈراوڈ کو قومی ریکارڈ سے محروم کر کے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

رانچی میں کھیلے جا رہے میچ میں پجارا نے آسٹریلین باؤلرز کے خلاف ڈٹ کر بیٹنگ کی اور 202 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو میچ میں مضبوط مقام تک پہنچانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔

اس اننگز کے دوران انہوں نے 525 گیندوں کا سامنا کر کے ہندوستان کی جانب سے گیندوں کے اعتبار سے سب سے طویل اننگز کھیلنے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔

اس سے قبل سب سے طویل اننگز کھیلے کا ریکارڈ راہول ڈراوڈ کے پاس تھا جنہوں نے 2004 میں پاکستان کے خلاف راولپنڈی میں 270 رنز کی اننگز کے دوران 495 گیندوں کا سامنا کیا تھا۔

ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے طویل اننگز کا ریکارڈ انگلینڈ کے عظیم بلے باز لین ہٹن کے پاس ہے جنہوں نے 1938 میں آسٹریلیا کے خلاف 364 رنز کی اننگز کے دوران 847 گیندوں کا سامنا کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں