مسجد الحرام اظہارِ محبت، ترک جوڑے پر تنقید

اپ ڈیٹ 20 مارچ 2017
ترک جوڑا—فوٹو: ٹوئٹر
ترک جوڑا—فوٹو: ٹوئٹر

استنبول: ترکی کے سرکاری نشریاتی ادارے ترکش ریڈیو اور ٹیلی ویژن چینل (ٹی آر ٹی) کے ایک نمائندے نے مسلمانوں کے مقدس ترین مقام مکہ مکرمہ میں خانہ کعبہ کے سامنے اپنی محبوبہ کو شادی کی پیش کش کرڈالی۔

ترک اخبار حریت ڈیلی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں ترک پریس اتاشی بہاٹن اکیون کے بیٹے یوسف اکیون نے دوران عمرہ مسجد الحرام میں اپنی محبوبہ کو شادی کی پیشکش کرتے ہوئے اس لمحے کو عکس بند کیا اور سوشل میڈیا پر شیئر کردیا۔

ویڈیو میں یوسف کو گھٹنوں کے بل زمین پر اپنی محبوبہ کے سامنے بیٹھے دیکھا جاسکتا ہے۔

ساتھ ہی وہ ویڈیو میں کہتے دکھائی دے رہے ہیں 'ہمارا مقدس کعبہ یہاں موجود ہے، میں اس کی موجودگی میں تھوڑا سا پریشان ہوں لیکن میرے خیال سے یہ ایک نیک عمل ہے'۔

دوسری جانب اس جوڑے کے رشتے داروں نے اس منظر پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں کو مبارکباد دی۔

تاہم یوسف کے اس اقدام پر سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔

بیشتر افراد یوسف کی اس حرکت پر اشتعال میں آگئے جس کی وجہ سے انہیں اپنا اکاؤنٹ وقتی طور پر معطل کرنا پڑا۔

ان افراد کا کہنا تھا کہ یہ عمل کسی گناہ سے کم نہیں اور اس میں خانہ خدا کے تقدس کو مجروح کیا گیا ہے۔

تاہم کئی سوشل میڈیا صارفین ایسے بھی تھے جو یوسف اور ان کی ہونے والی اہلیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے دکھائی دیئے۔

تبصرے (0) بند ہیں