مارش، ہینڈزکومب نے بھارت کو فتح سے محروم کردیا

20 مارچ 2017
پیٹر ہینڈزکومب اور شان مارش نے 373 گیندوں پر 124 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی— فوٹو: اے پی
پیٹر ہینڈزکومب اور شان مارش نے 373 گیندوں پر 124 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی— فوٹو: اے پی

رانچی: آسٹریلیا نے شان مارش اور پیٹر ہینڈز کومب کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ہندوستان کو یقینی فتح سے محروم کرتے ہوئے تیسرا ٹیسٹ میچ ڈرا کردیا۔

رانچی میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلیا نے 23 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے میچ کے آخری دن مزید 128 رنز کے خسارے کا سامنا تھا جبکہ اس کی آٹھ وکٹیں باقی تھیں۔

آسٹریلیا نے میچ ڈرا کرنے کیلئے صبح سے ہی محتاط انداز اپنایا لیکن 59 کے مجموعے پر ایشانت شرما نے میٹ رینشا کی مزاحمت کا خاتمہ کر کے اپنی ٹیم کو دن کی پہلی کامیابی دلائی۔

اسکور میں چار رنز کے اضافے سے پورے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلین بیٹنگ لائن کیلئے ڈراؤنا خواب بنے رہنے والے رویندرا جدیجا نے کپتان اسٹیون اسمتھ کو آؤٹ کر کے بظاہر مہمان ٹیم اور شکست کے بیچ حائل بڑی دیوار ڈھا دی لیکن اس کے ساتھ ہی سیریز کی سب سے بہترین مزاحمتی پارٹنرشپ کا آغاز ہوا۔

آسٹریلین کپتان اسٹیون اسمتھ کے باؤلڈ ہونے کا منظر— فوٹو: رائٹرز
آسٹریلین کپتان اسٹیون اسمتھ کے باؤلڈ ہونے کا منظر— فوٹو: رائٹرز

شان مارش اور پیٹرہینڈز کومب وکٹ پر اکٹھا ہوئے اور انہوں نے میچ کے پانچویں دن ایک مشکل وکٹ پر میچ ڈرا کرنے کا بیڑا اٹھایا اور تمام میزبان باؤلرز کو لاجواب کردیا۔

اس موقع پر رویندرا جدیجا اور روی چندرہ ایشون پر مشتمل عالمی نمبر ایک باؤلرز کی جوڑی بھی بے ضرر نظر آئی اور ان دونوں نے دوسرا سیشن بغیر کسی نقصان کے گزار کر ڈرا کی امیدوں کو روشن کردیا لیکن پہلی اننگز کی برتری کے باوجود ہندوستان کو برتری حاصل تھی۔

تاہم مارش اور ہینڈز کومب نے مجموعی طور پر 60 اوورز سے زائد بیٹنگ کر کے ہندوستان کی میچ جیتنے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور پانچویں وکٹ کیلئے 124 رنز جوڑے۔

اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب 197 گیندوں پر 53 رنز بنانے والے مارش عمدہ باری کھیلنے کے بعد جدیجا کی وکٹ بن گئے۔

اسکور میں تین رنز کے اضافے سے گلین میکس ویل نے بھی واپسی کی راہ لی لیکن پیٹر ہینڈز کومب اور میتھیو ویڈ نے بقیہ تمام اوورز تک مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا جس کے ساتھ ہی دونوں کپتانوں کی باہمی رضامندی سے میچ ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں 100 اوورز میں 204 رنز بنائے، ہینڈز کومب نے 200 گیندوں پر 72 رنز کی باری کھیل کر میچ ڈرا کرنے میں اہم کردار ادا کیا جبکہ رویندرا جدیجا نے دوسری اننگز میں چار وکٹوں سمیت میچ میں نو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

آسٹریلیا کے میتھیو ویڈ اور ہندوستان کے کپتان ویرات کوہلی میچ کے اختتام پر مصافحہ کرتے ہوئے— فوٹو: اے پی
آسٹریلیا کے میتھیو ویڈ اور ہندوستان کے کپتان ویرات کوہلی میچ کے اختتام پر مصافحہ کرتے ہوئے— فوٹو: اے پی

چتیشور پجارا کو ڈبل سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سیریز کا چوتھا اور آخری ٹیسٹ میچ 25 مارچ سے دھرم شالا میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں