قومی ٹیم کے سابق کپتان اور شہرہ آفاق آل راؤنڈر شاہد آفریدی ایک اشتہار کی ریکارڈنگ کیلئے پشاور کے قصہ خوانی بازار گئے لیکن شائقین نے اشتہار کی شوٹنگ کو ناکام بنا دیا۔

شاہد آفریدی ایک اشتہار کی شوٹنگ کیلئے پشاور کے مشہور قصہ خوانی بازار پہنچے تو آل راؤنڈر کے دلدادہ شائقین نے ان کی گاڑی کو چاروں طرف سے گھیر لیا اور اس موقع پر ان کی ایک جھلک کیلئے بے تاب نظر آئے۔

اس موقع پر عوام کو منتشر کرنے کیلئے پولیس کو بھی طلب کیا گیا لیکن یہ کوشش بھی کارگر ثابت نہ ہوئی اور آفریدی کی گاڑی ایک گھنٹے سے زائد تک عوام کے ہجوم میں پھنسی رہی۔

بالآخر کافی دیر بعد اس صورتحال سے تنگ آ کر آفریدی نے اشتہار کی شوٹنگ کا ارادہ ترک کر کے گاڑی سے اترے بغیر ہی ہوٹل کی جانب واپسی کی راہ لی۔

تبصرے (0) بند ہیں