فٹ بال کی عالمی گورننگ باڈی (فیفا) نے گھانا سے تعلق رکھنے والے ریفری جوزف لیمپٹے کو 'میچ میں ہیراپھیری' کے الزام میں تاحیات پابندی عائد کردی ہے۔

فیفا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جوزف لیمپٹے پر 12 نومبر 2016 کو سنیگال اور جنوبی افریقہ کے درمیان ورلڈکپ 2018 کے کوالیفائر میچ میں ہیرا پھیری پر پابندی کی سزا سنادی گئی ہے۔

خیال رہے کہ ورلڈکپ کوالیفائر کے اس میچ میں جنوبی افریقہ نے سنیگال کو 2-1 سے شکست دی تھی۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق جوزف نے سنیگال کے کھلاڑی خالیدو کولیبالی کو گیند کو ہاتھ سے چھونے کے جرم میں جنوبی افریقہ کو پنالٹی دی تھی لیکن ری پلے میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا تھا کہ گیند ان کے گھٹنے سے ٹکرائی تھی۔

فیفا کا کہنا تھا اس حوالے سے مزید تفصیلات اس وقت جاری کی جائیں گی 'جب فیصلہ حتمی صورت اختیار کرجائے گا'۔

فیفا کی جانب سے تاحیات پابندی کے شکار ریفری اس فیصلے کے خلاف کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں۔

فیفا کی ڈسپلنری کمیٹی نے جوزف کے اسسٹنٹس میں سے ایک ڈیوڈ لیریا کے خلاف الزامات کو مسترد کردیا ہے۔

خیال رہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم اس جیت کے ساتھ ہی چار ٹیموں پر مشتمل گروپ میں سنیگال کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوسرے نمبر پر آگئی ہے جبکہ سینیگال کا نمبر تیسرا ہے۔

جوزف لیمپٹے نے گزشتہ سال ریواولمپکس میں بھی ریفری کی ذمہ داریاں نبھائی تھیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں