شمالی بھارت کی ایک عدالت نے ہندو مذہب میں مقدس سمجھے جانے والے دریائے گنگا اور جمنا کو 'انسان' کا درجہ دیتے ہوئے انسانوں کے برابر حقوق فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست اتھرکھنڈ میں اترانچل ہائی کورٹ نے پیر (20 مارچ) کو دونوں دریاؤں کو انسان کا درجہ دیا۔

اس عدالتی حکم کے بعد اگر کوئی شخص دریاؤں کو نقصان پہنچانے یا آلودہ کرنے کی کوشش کرتا ہے تو قانون کے مطابق اس اقدام کو کسی انسان کو پہنچائے جانے والے نقصان کے برابر سمجھا جائے گا۔

عدالت نے مذکورہ حکم سناتے ہوئے نیوزی لینڈ کے وانگونائی دریا کی مثال بھی پیش کی، جسے گذشتہ ہفتے نیوزی لینڈ کی عدالت نے انسان کا درجہ دیا تھا۔

عدالتی حکم پر عمل درآمد کے لیے اترانچل کی عدالت نے تین عہدیداران کو ان دونوں دریاؤں کا قانونی نگران مقرر کیا ہے جو گنگا اور جمنا کے تحفظ کے ذمہ دار ہوں گےاور بطور انسان ان دریاؤں کی نمائندگی کریں گے۔

واضح رہے کہ بڑھتی ہوئی آلودگی، جنگلات کی کٹائی اور سیورج کا آلودہ پانی چھوڑنے کے سبب بھارت کے کئی دریاؤں میں پانی کی سطح سکڑتی جارہی ہے۔


تبصرے (0) بند ہیں