کراچی: شہر قائد میں مردم شماری کے عملے کو دیکھ کر ایک شخص نے عمارت کی پہلی منزل سے چھلانگ لگادی، جو بعدازاں ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔

پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے نیو کراچی سیکٹر 5 میں بلال کالونی تھانے کی حدود میں جب مردم شماری کی ٹیم پہنچی تو 35 سالہ کلیم حسین نامی شخص نے عملے کو دیکھ کر پہلی منزل سے چھلانگ لگادی۔

پولیس کے مطابق مذکورہ شخص کو شدید زخمی حالت میں گرفتار کرکے عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی نہ تاب لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

مزید پڑھیں: چارسدہ: مردم شماری کی ٹیم پر فائرنگ، پولیس اہلکار زخمی

پولیس کے مطابق متوفی ایک ٹرانسپورٹر تھا، جس نے کئی لوگوں سے قرض لے رکھا تھا۔

مرحوم کے ایک عزیز نے پولیس کو بتایا کہ 'کلیم قرض خواہوں سے پریشان تھا اور صبح سے قرض خواہ گھر کے دروازے پر کھڑے رقم کی وصولی کے لیے پولیس کو لانے کی دھمکی دے رہے تھے، کچھ ہی دیر میں مردم شماری کی ٹیم پہنچ گئی اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو دیکھ کر کلیم خوفزدہ ہوگیا اور کھڑکی سے باہر کی جانب لٹک گیا، لیکن توازن برقرار نہ رہنے کے باعث گر گیا اور جان سے گیا'۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں چھٹی مردم شماری کا عمل 15 مارچ سے جاری ہے۔

19 سال بعد ملک میں مردم وخانہ شماری کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے شمار کنندہ عملے میں مختلف محکموں کے 1 لاکھ 18 ہزار افراد کو شامل کیا گیا ہے، ان تمام افراد کو مردم شماری کے لیے خصوصی تربیت بھی فراہم کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کے 63 اضلاع میں مردم شماری کا آغاز

جبکہ متعلقہ اضلاع میں 1 لاکھ 75 ہزار فوجی اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے، جو شمار کرنے کے ساتھ ساتھ سروے کرنے والے عملے کو سیکیورٹی بھی فراہم کررہے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں