ہر سال گرمیوں کا موسم آتے ہی خواتین میں لان کے ملبوسات خریدنے کا رجحان کچھ زیادہ ہی بڑھ جاتا ہے اور اس حوالے سے ملبوسات کے نامور برانڈز زیادہ توجہ حاصل کرنے کے لیے ایک سے بڑھ کر ایک لان کے کپڑے مارکیٹوں میں بھیجتے ہیں۔

لیکن ایک اور چیز بھی ہے جس کا فیشن دن بہ دن بڑھتا جارہا ہے اور وہ ہے ان لان کے ملبوسات کے لیے بنائے جانے والے اشتہارات۔

ٹی وی اشتہارات اور فوٹو شوٹس کی وجہ سے بھی نت نئے ڈیزائنز کے حامل مارکیٹوں میں دستیاب یہ مہنگے ترین لان کے ملبوسات خواتین کی توجہ حاصل کرتے ہیں اور ان اشتہارات کی جنگ کو دیکھ کر ایسا معلوم ہوتا ہے جیسے اپنے اشتہار اور تصاویر کو بہتر بنانے کے لیے اب صرف لباس پر ہی نہیں بلکہ اور کئی چیزوں پر بھی توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔

اگر آپ بھی اس سال لان کے جوڑے خریدنے کا ارادہ کررہے ہیں تو اس کے ساتھ آپ کو کیا کیا مفت مل سکتا ہے اس کی فہرست یہاں ترتیب دی گئی ہے:

لباس کے ساتھ ایک بہت بڑا 'کُتا'

کُتا انسان کا سب سے زیادہ وفادار جانور ہے، یہ جملہ تو سب نے ہی سُنا ہوگا، لیکن پاکستانی ڈیزائنر فرح طالب عزیز اور ایلان کے لان شوٹس کی ان تصاویر کو دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے انہوں نے اس بات کو کافی سنجیدگی سے لے لیا۔

ایک اونٹ

اب لان پہننے والی خواتین میں سے اگر کسی کو کُتا پسند نہ ہو تو وہ اونٹ سے کام چلا لے۔

غیر ملکی بچے

زیادہ اسٹائلش نظر آنے کے لیے اپنے ارد گرد غیر ملکی بچے موجود رکھیں۔

ہاتھ کا پنکھا

ڈیزائنر لان کا جوڑا پہنیں اور ہاتھ کا پنکھا موجود نہ ہو، ایسا کیسے ہو سکتا ہے، ویسے یہ کراچی کی گرمی سے خود کو محفوظ رکھنے کا بھی اچھا طریقہ ہے۔

کشتی

اس گرمی کے موسم میں لان کا جوڑا پہن کر کشتی کی سواری ضرور کریں۔

ایک میٹڈار (بل فائٹر)

ویسے تو چند خواتین اپنے ساتھ باڈی گارڈز رکھا کرتی ہیں، لیکن اب نئی لان کے ساتھ میٹڈار کا بھی فیشن آگیا ہے۔

دستانے

لان کے جوڑوں کے ساتھ اب ڈیزائنر دستانے بھی پہننے کی عادت بنالیں۔

سیڑھی

لان کا جوڑا پہنیں اور ساتھ میں کامیابی تک پہنچنے کے لیے ایسی سیڑھی رکھیں۔

سوٹ کیس

اب سوٹ کیس بھی فیشن کا حصہ بن گئے، تاکہ آپ اپنے سامان کو ان ہی میں آسانی سے رکھ بھی لیں۔

یہ تو وہ چند چیزیں ہیں جن کا استعمال اشتہارات اور تصاویر میں ڈیزائنرز نے کرنا شروع کردیا ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ مستقبل میں ہماری آنکھیں مزید کیا کچھ دیکھیں گی۔


نوٹ: یہ مضمون طنز و مزاح پر مبنی ہے۔

تبصرے (3) بند ہیں

Mian mUskrahat Ali Mar 22, 2017 08:30pm
Thank you for inform us that this article is a comic piece......
Neelofer Mar 22, 2017 08:35pm
I love it.
ادریس Mar 23, 2017 09:54am
تجریدی آرٹ اور آذاد غزل کے بعد ، آپ کسی بھی چیز کی امید رکھ سکتے ہیں ۔ بس خیال کا اظہار کر دیں، خیال کا مربوط ہونا بالکل ضروری نہیں ہے۔