کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رکن صوبائی اسمبلی شیخ عبداللہ پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) میں شامل ہوگئے۔

کراچی کے نشتر پارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ’یہ ہمارے لیے باعث فخر بات ہے کہ ہمارا فلسفہ آج مکمل طور پر پھیل چکا ہے، ہماری دعوت اور پیغام پاکستانیوں کے دلوں میں پہنچ چکی ہے اور تمام لوگ اب بھی ہم سے رابطے میں ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہم نے 3 مارچ سے آج تک کوئی ایک بات بھی جھوٹ نہیں کہی، ہمارے قول و فعل میں تضاد نہیں ہے، لوگ ہماری سچائی اور دیانتداری ہر ہمارے ساتھ جڑتے چلے جارہے ہیں، جبکہ ہم نے کسی کو پارٹی میں شمولیت کا نہیں کہا اور لوگ خود چل کر ہمارے پاس آرہے ہیں۔‘

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ’پاک سرزمین پارٹی میں اتنے زیادہ تعداد میں لوگ آرہے ہیں کہ پارٹی میں ایڈجسٹمنٹ کرنا مشکل ہو رہا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’23 مارچ کے دن پاک سرزمین پارٹی کی بنیاد رکھی گئی تھی جس کی خوشی دھوم دھام سے نشتر پارک میں 22 مارچ کی رات سے منائی جائے گی اور پاکستان اور دنیا میں جہاں کہیں بھی پاکستانی موجود ہیں وہ ایک سال کی پارٹی کا یوم تاسیس کا جشن دیکھیں گے۔‘

اس موقع پر شیخ عبداللہ کا کہنا تھا کہ ’بہت سوچ سمجھ کر پاک سرزمین پارٹی میں مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی کے قیادت میں آنے کا فیصلہ کیا، جبکہ اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دے کر یہاں سے اٹھوں گا اور کارکن کی حیثیت سے پارٹی میں کام کروں گا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’الطاف حسین سے 30 سال کی رفاقت تھی، غلطی کی معافی ہوسکتی تھی لیکن قائد ایم کیو ایم کی گذشتہ تقریر نے سب کچھ چھوڑنے پر مجبور کر دیا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’میں بغیر کسی دباؤ کے پی ایس پی میں شامل ہورہا ہوں، ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں، غدار کا الزام لگایا جائے گا لیکن ہم ملک کا غدار نہیں بننا چاہتے، جبکہ پاکستان کے خلاف بات کرنے والوں سے کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں رکھ سکتے۔‘

تبصرے (0) بند ہیں