کویت میں ڈزنی اسٹوڈیوز کی ہٹ فلم بیوٹی اینڈ دی بیسٹ کی نمائش روک دی گئی ہے۔

کویٹ نیشنل سینما کمپنی نے ڈزنی کی اس فلم کو سینماﺅں سے ہٹاتے ہوئے کہا ہے ' یہ نوجوان ناظرین کے حوالے سے ہماری ذمہ داری اور فرض ہے'۔

اس فلم کی اسکریننگ کویت میں جمعرات کو شروع ہوئی تھی مگر رپورٹس کے مطابق پیر سے لوگوں کو مختصر پیغام کے ذریعے مطلع کیا گیا کہ غیر متوقع پیش رفت کے باعث اس کی نمائش ختم کی جارہی ہے۔

کمپنی نے اپنے ٹوئیٹ پیغام میں بتایا ' معزز صارفین، فلم بیوٹی اینڈ دی بیسٹ کی نمائش معطل کردی گئی ہے، ہم ہر قسم کی تکلیف پر معذرت خواہ ہیں اور بکنگ کرانے والوں کو ان کے پیسے واپس کیے جائیں گے'۔

اس سے قبل اس فلم کی نمائش پر ملائیشیاء میں بھی پابندی عائد کی جاچکی ہے جبکہ روس میں کم عمر افراد کو اسے دیکھنے سے روک دیا گیا ہے اور سولہ سال سے زائد عمر کے افراد ہی اسے دیکھ سکتے ہیں۔

اس فلم پر تنازع اس وقت پیدا ہوا تھا جب اس کے ڈائریکٹر بل کونڈن نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ ایک معاون کردار لی فو ' کے لیے ایک خصوصی ہم جنسی پرستی کا لمحہ' رکھا گیا ہے۔

اس سین کی وجہ سے امریکی ریاست الاباما کے ایک سینما میں بھی اس کی نمائش پر پابندی عائد کی گئی۔

واضح رہے کہ اس تنازعے کے باوجود یہ فلم توقعات سے زیادہ ہٹ ثابت ہوئی ہے اور پاکستان میں بھی اس کی نمائش جاری ہے۔

اس فلم نے اولین ہفتے میں صرف امریکا سے ہی 174 ملین ڈالرز کا بزنس کیا جبکہ توقع کی جارہی ہے کہ بہت جلد یہ عالمی سطح پر ایک ارب ڈالرز کا ہندسہ چھو لے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں