6 بھارتی ایئرلائنز نے شیو سینا رکن اسمبلی پر پابندی لگادی

24 مارچ 2017
شیو سینا کے رکن پارلیمنٹ رویندرا گائکواد—فوٹو بشکریہ: ہندوستان ٹائمز
شیو سینا کے رکن پارلیمنٹ رویندرا گائکواد—فوٹو بشکریہ: ہندوستان ٹائمز

بھارت کی پانچ بڑی ایئرلائنز نے ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا کے رکن پارلیمنٹ رویندرا گائکواد کو سفری سہولیات فراہم کرنے سے انکار کردیا۔

بھارتی ویب سائٹ 'ہندوستان ٹائمز' کی رپورٹ کے مطاب ایئرلائنز کا یہ فیصلہ سیاستدان کی جانب سے بزرگ ملازم پر تشدد کا واقعہ رونما ہونے کے بعد رکن پارلیمنٹ کے خلاف سخت ایکشن کے مطالبے کے بعد سامنے آیا۔

بعد ازاں ایک اور ایئرلائن وستارا نے بھی 56 سالہ سیاستدان پر پابندی کا اعلان کردیا۔

واضح رہے کہ شیو سینا سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ نے پونے سے دہلی جانے والی فلائٹ کے دوران 60 سالہ افسر کو جوتے سے مارا تھا۔

رویندرا گائکواد کو جب آگاہ کیا گیا کہ وہ بزنس کلاس پر سفر نہیں کرسکتے تو انہوں نے ملازم کو 25 بار جوتے سے مارا اور بعد ازاں فخر سے میڈیا پر اس کا اعتراف بھی کیا۔

میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ وہ بھارتی جنتا پارٹی کے رکن نہیں بلکہ شیو سینا کے رکن ہیں اور اپنی بےعزتی برداشت نہیں کریں گے۔

سیاستدان پر پابندی عائد کرنے والی ایئرلائنز میں ایئر انڈیا سمیت بھارتی ایئرلائنز کی فیڈریشن میں شامل انڈیگو، اسپائس جیٹ، گو ایئر اور جیٹ ایئرویز شامل ہیں۔

فیڈریشن کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ 'ہمارے کسی بھی ملازم پر ہونے والا حملہ ہم سب پر اور اس ملک میں قانون کی پاسداری کرتے ہوئے اپنی روزی کمانے والے تمام افراد پر حملے کے مترادف ہے'۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ 'ہمارا ماننا ہے کہ اس واقعے پر سخت کارروائی کرتے ہوئے مثال قائم کی جانی چاہیئے تاکہ ملازمین کے مورال اور ان کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے'۔

سیاستدان کی جانب سے تشدد کا واقعہ سامنے آنے کے بعد ایئر انڈیا نے رکن پارلیمنٹ کا دہلی سے پونے کا ریٹرن ٹکٹ بھی منسوخ کردیا۔

دوسری جانب رویندرا گائکواد اپنے اقدام پر معافی مانگنے کے بجائے اب بھی مزاحمت کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں