بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا کے ایئرپورٹ کے قریب دھماکے میں مشتبہ خودکش بمبار ہلاک ہوگیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے پی‘ کے مطابق بنگلہ دیشی پولیس کا کہنا ہے کہ بمبار نے پولیس چیک پوسٹ کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا، تاہم اس سے کوئی اور جانی نقصان نہیں ہوا۔

ایئرپورٹ پولیس اسٹیشن افسر نورِ اعظم میاں کا کہنا تھا کہ دھماکا بظاہر خودکش معلوم ہوتا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق بمبار کی عمر 25 سے 30 سال کے درمیان تھی، تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

دھماکے کے بعد پولیس نے ایئرپورٹ کے مرکزی داخلی راستے کے اطراف کے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

یہ ایک ہفتے کے دوران اس علاقے میں ہونے والا دوسرا خودکش حملہ ہے۔

قبل ازیں 17 مارچ کو بنگلہ دیش کی انسداد دہشت گردی پولیس فورس ’ریپڈ ایکشن بٹالین‘ کی بیرکوں کے قریب دھماکے میں مشتبہ خودکش بمبار ہلاک ہوگیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں