خیرپور: صوبہ سندھ کے ضلع خیرپور میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر 3 افراد کو قتل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق اکبر علی راؤکا نامی شخص نے ضلع خیرپور کے گاؤں ٹندو میر علی میں اپنی 27 سالہ بہن نازیہ کوثر، ان کی 9 ماہ کی بیٹی تنزیلہ اور گھریلو ملازم ارشد احمد کو مبینہ طور پر فائرنگ کرکے قتل کیا۔

پولیس کے مطابق ملزم اکبر کو شبہ تھا کہ ان کی بہن کے اپنے گھریلو ملازم سے تعلقات تھے۔

پیر وسان پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او منصور احمد نظامانی نے ڈان کو بتایا کہ پولیس نے ملزم اور مقتولہ خاتون کے شوہر کو گرفتار کرلیا۔

مزید پڑھیں: قمبر شہداد کوٹ میں 'غیرت کے نام' پر خاتون قتل

ایس ایچ او نے بتایا کہ مرکزی ملزم نے تہرے قتل کا اعتراف کرلیا۔

تھری میر واہ تعلقہ ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد مقتولین کی لاشیں ان کے اہلخانہ کے سپرد کردی گئیں۔

ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ دونوں ملزمان کے خلاف ریاست کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کرلی گئی جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سانگھڑ: 6 بچوں کی ماں ’غیرت کے نام‘ پر قتل

پاکستان میں ہر سال عزت اور غیرت کے نام پر ایک ہزار سے زائد خواتین کو نشانہ بنایا جاتا ہے، جن میں اکثر خاندان کے افراد ہی ملوث ہوتے ہیں۔

عورت فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری ہونے والی سالانہ رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا گیا تھا کہ 2016 میں خواتین کے خلاف تشدد کے تقریباً 7،852 کیسز ریکارڈ کیے گئے۔

عورت فاؤنڈیشن سے منسلک صائمہ منیر کا کہنا تھا کہ گذشتہ برس غیرت کے نام پر قتل کے واقعات میں 70 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

مزید پڑھیں: کندھ کوٹ : غیرت کے نام پر 2 افراد قتل

گذشتہ برس جولائی میں ہی فیس بک ویڈیوز کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والی ماڈل قندیل بلوچ کو بھی ان کے بھائی نے 'غیرت کے نام پر قتل' کردیا تھا۔

رواں برس بھی پاکستان کے مختلف شہروں میں غیرت کے نام پر قتل کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں