دپیکا پڈوکون کا کانز فیسٹیول میں شرکت سے انکار

25 مارچ 2017
بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون — فوٹو/ اے ایف پی
بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون — فوٹو/ اے ایف پی

بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون نے حال ہی م`یں میک اپ کی نامور برانڈ 'لوریل' کی سفیر ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا، جس کے بعد ان کی کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کی خبریں وائرل ہونا شروع ہوگئیں۔

تاہم دپیکا پڈوکون نے اس فیسٹیول میں شرکت سے انکار کردیا۔

خیال رہے کہ لوریل ہر سال دنیا بھر سے اپنی برانڈ ایمبیسڈرز کو کانز فلم فیسٹیول کے ریڈ کارپٹ پر واک کرنے کے لیے منتخب کرتا ہے، بولی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن، سونم کپور اور کترینہ کیف اس برانڈ کا حصہ رہ چکی ہیں، جنہوں نے کانز کے ریڈ کارپٹ پر بھی شرکت کی۔

تاہم کترینہ کیف اب لوریل کا حصہ نہیں اور دپیکا پڈوکون نے یہ اعزاز حاصل کرلیا ہے۔

برانڈ ایمبیسیڈر بننے کے باوجود دپیکا پڈوکون کانز کے ریڈ کارپٹ پر لوریل کے لیے واک نہیں کر پائیں گی، جس کی وجہ ان کا مصروف شیڈول ہے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق کئی روز سے قیاس آرائیاں تھیں کہ دپیکا پڈوکون بھی اس فیسٹیول کا حصہ بنیں گی، تاہم اداکارہ نے ایک ایوارڈ شو کے دوران اس میں شرکت سے انکار کردیا۔

جب دپیکا سے اس حوالے سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ 'نہیں، اس وقت میرا مکمل فوکس فلم پدماوتی کی جانب ہے'۔

خیال رہے کہ اس فیسٹیول میں دپیکا پڈوکون کی حریف سونم کپور بھی کئی سالوں سے حصہ لے رہی ہیں، تاہم اس سال تو نہیں لیکن آنے والے سالوں میں دپیکا پڈوکون اور سونم کپور کو ایک ساتھ اس پلیٹ فارم پر دیکھنا کافی دلچسپ ہوگا۔

اگر کام کے حوالے سے بات کی جائے تو دپیکا پڈوکون کی فلم 'پدماوتی' رواں سال 17 نومبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

اس فلم میں رنویر سنگھ اور شاہد کپور بھی اہم کردار کرتے نظر آئیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں