نئی دہلی: بھارت کے وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ ہندوستان اپنے پڑوسی ممالک پاکستان اور بنگلہ دیش کے ساتھ منسلک عالمی سرحد کو جلد بند کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے ٹیکن پورہ کے علاقے میں بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ بھارت جلد سے جلد پاکستان اور بنگلہ دیش کے ساتھ سرحد کو بند کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

بھارتی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سرحدیں بند کرنے کا فیصلہ دہشتگردی اور مہاجرین کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے اہم قدم ہوسکتا ہے۔

راج ناتھ سنگھ کے مطابق 2018 تک پاکستان کے ساتھ سرحد کو یقینی طور بند کردیا جائے گا، اور یہ فیصلہ بھارت میں مسلسل بڑھتی ہوئی مداخلت کے باعث کیا گیا۔

راج ناتھ سنگھ نے بتایا کہ مرکزی سیکریٹری داخلہ کی جانب سے اس منصوبے کی وقفے وقفے سے نگرانی کی جائے گی، سیکیورٹی نقطہ نظر کے لیے اس منصوبے کی نگرانی بی ایس ایف کے عہدیداران کریں گے، جب کہ ریاستی سطح کے سیکریٹریز بھی اس منصوبے کی نگرانی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سرحد سیل کرنے کا بھارتی فیصلہ باہمی تعلقات کیلئے دھچکہ

بھارتی وزیر داخلہ نے بتایا کہ حکومت کو جہاں سرحد سیل کرنے میں مشکلات درپیش آئیں گی، وہاں جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے مسئلے کا حل نکالا جائے گا۔

اپنے خطاب میں راج ناتھ سنگھ نے بی ایس ایف اہلکاروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اہلکاروں نے اپنی صلاحیتوں سے عالمی سرحد پر مصروفیات کے طریقہ کار کو بدل دیا، اور اسی عمل نے پڑوسی ممالک میں بارڈر فورس کو منفرد بنادیا

انہوں نے اپنے خطاب کے دوران فورسز میں شکایات کے ازالے کے لیے مؤثر مکینزم متعارف کرانے کے منصوبے کے حوالے سے بھی گفتگو کی، جسے جلد ہی فورسز میں نافذ کردیا جائے گا۔

راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ فورسز کی شکایات کے ازالوں کے لیے جلد ہی مؤثر مکینزم کو رائج کردیا جائے گا، جس سے فورسز کے کئی مسائل حل ہوجائیں گے۔

یہ خبر ٹائمز آف انڈیا سے لی گئی۔


یہ خبر 26 مارچ 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں