کراچی: گزشتہ ڈیڑھ ہفتے سے ملک بھر میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جب کہ دیگر شہروں کے مقابلے ملک کے سب سے بڑے شہر میں مرغی کا گوشت زیادہ مہنگا فروخت ہو رہا ہے اور 27 مارچ سے مزید مہنگا ہونے کا امکان ہے۔

سندھ پولٹری ہول سیلرز اینڈ ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق کراچی میں 27 مارچ سے مرغی کا گوشت 400 روپے کلو فروخت ہوگا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق کمشنر کراچی کی جانب سے مرغی کے گوشت کے دام 290 روپے فی کلو مقرر کیے گئے ہیں، مگر شہر میں مرغی کا گوشت 380 روپے فروخت ہو رہا ہے۔

مرغی فروشوں کے مطابق انہیں برائلرمرغی 240 روپے کلو فراہم کی جا رہی ہے، جس وجہ سے مرغی کا گوشت 290 روپے فروخت کرنا ناممکن ہے۔

دوسری جانب سندھ پولٹری ہول سیلرز اینڈ ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری کمال اختر صدیقی کے مطابق مرغی کے گوشت کی مانگ میں اضافے کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہوا، جب کہ 27 مارچ سے اس میں مزید 20 روپے کا اضافہ ہوگا۔

کمال اختر صدیقی کا کہنا تھا کہ اس وقت مرغی کی فراہمی کم اور مانگ زیادہ ہے، جس وجہ سے مطلوبہ مانگ پوری نہ کرپانے کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سبزیاں اور گوشت مہنگا

سندھ پولٹری ہول سیلرز اینڈ ریٹیلرز ایسوسی ایشن اور ہول سیلرز ایسو سی ایشن نے کہا ہے کہ 27 مارچ سے مرغی کا گوشت 380 روپے سے بڑھ کر 400 روپے فی کلو ہوجائے گا۔

کراچی کے علاوہ بھی ملک کے دیگر بڑے شہروں لاہور، پشاور، کوئٹہ، راولپنڈی میں بھی مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں اضافے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔

لاہور میں بھی مرغی کے گوشت کی قیمت 300روپے کلو تک پہنچ گئی۔

سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ

ملک بھر میں جہاں مرغی کی قیمتوں میں اچانک اضافہ ہوا، وہیں سبزی اور مصالحہ جات کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

ڈیڑھ ہفتہ قبل کی قیمتوں کے مقابلے میں بھنڈی، توری، ادرک اور لہسن سمیت دیگر سبزی کی قیمتوں میں اضافہ ہوچکا ہے۔

مرغی کی قیمتوں کی طرح سب سے زیادہ ٹماٹر کے دام بڑھے ہیں، کراچی کے کئی علاقوں میں ٹماٹر 200 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں