امریکا: نائٹ کلب کے باہر فائرنگ سے ایک ہلاک، 14 زخمی

26 مارچ 2017
نائٹ کلب میں فائرنگ کا واقعہ رات ایک بجے پیش آیا — فوٹو: بشکریہ سینسیناٹی پولیس
نائٹ کلب میں فائرنگ کا واقعہ رات ایک بجے پیش آیا — فوٹو: بشکریہ سینسیناٹی پولیس

اوہائیو: امریکا میں ایک نائٹ کلب کے باہر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک جبکہ 14 زخمی ہوگئے۔

رپورٹس کے مطابق ریاست اوہائیو کے علاقے سینسیناٹی میں ایک نائٹ کلب کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔

پولیس نے متاثرہ علاقے کو فوری طور پر گھیرے میں لے لیا جبکہ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔

اس حوالے سے مقامی پولیس نے ٹوئیٹ بھی کی کہ کیمو نائٹ کلب میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات کو ایک بجے کی گئی۔

فوری طور پر فائرنگ کی وجہ سامنے نہیں آسکی تاہم امریکا میں ذاتی مخاصمت میں ایسے واقعات پیش آتے رہے ہیں.

خیال رہے کہ امریکا میں آزاد اسلحہ پالیسی کے باعث عام افراد کو اپنی حفاظت کے لیے ہتھیار رکھنے کا حق ہے، اور رپورٹس کے مطابق فائرنگ کے اکثر واقعات آزاد اسلحہ پالیسی کے باعث ہی پیش آتے ہیں۔

امریکی عہدیدار اور پولیس کئی بار تسلیم کرچکی ہے کہ ہتھیاروں کو محدود نہ کرنے تک امریکا میں فائرنگ کے واقعات پیش آتے رہیں گے، جب کہ امریکی حکومت نے فائرنگ کے ایسے واقعات روکنے کی بھرپور کوشش کی ہے، جس میں تاحال اسے خاطر خواہ کامیابی نہیں ملی۔

سابق صدر براک اوباما کے دور میں ہتھیار رکھنے کے حوالے سے قانون سازی کے لیے ماحول ساز گار بنانے کی کوشش کی گئی تھی، مگر اوباما انتظامیہ بھی اس حوالے سے خاطر خواہ کام نہیں کرسکی۔

تبصرے (0) بند ہیں