پہلا میچ سیریز کا تعین کرے گا:سرفراز

26 مارچ 2017
سرفرازاحمد کا کہنا ہے کہ کامران اکمل کی حالیہ فارم پاکستان کی جیت کے لیے معاون ہوگی—فائل/فوٹو: اے ایف پی
سرفرازاحمد کا کہنا ہے کہ کامران اکمل کی حالیہ فارم پاکستان کی جیت کے لیے معاون ہوگی—فائل/فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کی ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں ہونے والی تبدیلیوں کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلا میچ سیریز کے لیے فیصلہ کن ہوگا۔

کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق سرفرازاحمد کا ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آغاز سے قبل کہنا تھا کہ 'یہ ایک اہم سیریز ہے اور پہلا میچ سیریز کا ایک رخ تعین کردے گا'۔

سرفرازاحمد نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو اس حوالے سے مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'پی ایس ایل ایک فائدہ مند ایونٹ تھا جہاں سے لڑکے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیل کر آرہے ہیں اور کارکردگی دکھانے والے کئی لڑکوں کو اس کا انعام دیا گیا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'یہ ایک نیک شگون ہے کہ پی ایس ایل ہورہی ہے اور وہ کھلاڑی جو ڈومیسٹک میں کارکردگی دکھارہے ہیں انھیں بھی منتخب کیا جارہا ہے، شاداب خان، عثمان خان نے اچھا کھیلا تھا تو یہ اچھی بات ہے کہ اس طرح کے سرفہرست کھلاڑی آرہے ہیں اور یہ ٹورنامنٹ ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں مددگار ہے'۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کے خلاف ویسٹ انڈیز قسمت بدلنے کا خواہاں

پی ایس ایل میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے سامنے آنے کے بعد پاکستانی ٹیم کو اوپننگ میں ایک نئی جوڑی کی تلاش ہے کیونکہ شرجیل خان کو عبوری طور پر معطل کیا گیا ہے جبکہ کامران اکمل اور احمد شہزاد کو طویل عرصے بعد ٹیم میں واپس لایا گیا ہے جو ممکنہ طور پر اس سیریز میں اوپننگ کریں گے۔

تاہم کپتان کا کہنا ہے کہ 'ہماری ٹیم کا مورال بہت اچھا ہے اور لڑکے سخت محنت کررہے ہیں'۔

مزید پڑھیں:'پاکستان میں پلیئرزایسوسی ایشن کیلئے کوشش کریں گے'

سرفرازاحمد نے کہا کہ 'ہم سب کامران اکمل کی کارکردگی سے متاثر ہوئے ہیں کیونکہ جس طرح وہ گزشتہ دوبرسوں سے مسلسل رنز بنارہے ہیں وہ غیرمعمولی ہے'۔

انھوں نے کامران اکمل سے اس سیریز میں امیدیں وابستہ کرتے ہوئے کہا کہ 'پی ایس ایل میں ان کی حالیہ فارم سے میں پرامید ہوں کہ وہ اس کو یہاں بھی جاری رکھ سکیں گے جو مددگار ہوگی اوراس کی بدولت پاکستان کوفتح ملے نصیب ہوگی'۔

خیال رہے کہ کامران اکمل 353 رنز کے ساتھ پی ایس ایل کے کامیاب بلے باز تھے جبکہ گزشتہ دوبرسوں میں ڈومیسٹک میں بہترین اوسط کے ساتھ بلےبازی کرتے ہوئے سرفہرست بلے باز رہے ہیں۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 4 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 26 مارچ کو برج ٹاؤن میں ہورہا ہے جس کے بعد 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں