بھارتی پولیس اور فوج نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں مشترکہ کارووائی کرتے ہوئے 2 کشمیری نوجوانوں کو ہلاک کردیا۔

رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والے نوجوانوں کی شناخت رئیس احمد وانی اور فاروق احمد ہُرا کے نام سے ہوئی ہے جن کا تعلق مقبوضہ کشمیر میں سرگرم مزاحمتی تنظیم حزب المجاہدین سے تھا۔

رئیس احمد وانی اور فاروق احمد شوپیاں اور پلوامہ ڈسٹرکٹ کے رہائشی تھے اور انہوں نے اپریل اور جون 2016 میں حزب المجاہدین میں شمولیت اختیار کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: حزب المجاہدین کے کشمیری کمانڈر کی ہلاکت پر پاکستان کی مذمت

رپورٹس کے مطابق جموں و کشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ اور 55 راشٹریہ رائفلز کے اہلکاروں نے مشترکہ طور پر خفیہ اطلاع پر پلوامہ کے جنوبی حصے میں کارروائی کی۔

ایک بھارتی عہدے دار نے سری نگر کے مقامی میڈیا کو بتایا کہ 'اطلاع ملی تھی کہ یہ دونوں جنگجو ایک کار میں سوار ہیں جس پر کارروائی کی گئی'۔

انہوں نے بتایا کہ 'جیسے ہی کار ناکہ بندی کے پاس پہنچی تو اندر موجود شدت پسندوں نے فائرنگ کردی جس پر جوابی کارروائی کی گئی اور دونوں ہلاک ہوگئے'۔

بھارتی فورسز کی فائرنگ سے دونوں نوجوانوں کی ہلاکت کے بعد مقامی افراد مشتعل ہوگئے اور انہوں نے احتجاج شروع کردیا۔

مزید پڑھیں: برہان وانی کی ہلاکت: 'محمود غزنوی' نئے حریت پسند کمانڈر مقرر

عینی شاہدین کے مطابق مشتعل افراد اوانتی پورہ پولیس اسٹیشن کے باہر جمع ہوگئے اور لاش کی حوالگی کا مطالبہ کیا تاہم پولیس اور پیراملٹری فورسز نے انہیں منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کردی۔

شیلنگ کے نتیجے میں لوگ اور مشتعل ہوگئے اور انہوں نے فورسز پر پتھراؤ شروع کردیا اور پولیس اور مظاہرین میں جھڑپ شروع ہوگئی۔

بعد ازاں دونوں نوجوانوں کی لاشیں ان کے ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر میں مرچوں بھرے ہتھیاروں کے استعمال پر غور

خیال رہے کہ 8 جولائی 2016 کو مقبوضہ کشمیر میں اسی طرح کے ایک آپریشن میں بھارتی فورسز نے حزب المجاہدین کے نوجوان کمانڈر برہان وانی کو ہلاک کردیا تھا جس کے بعد کشمیر بھر میں پرتشدد مظاہروں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔

برہان وانی کی ہلاکت کے بعد بھارتی فورسز نے نہتے مظاہرین پر فائرنگ اور پیلٹ گنز کا بے دریغ استعمال کیا جس کے نتیجے میں 100 سے زائد بے گناہ کشمیری جاں بحق اور سیکڑوں بینائی سے محروم ہوچکے ہیں۔


ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں