پہلے ٹی20 میں پاکستان کی چھ وکٹ سے فتح

اپ ڈیٹ 27 مارچ 2017
سرفراز احمد شاندار باؤلنگ پر نوجوان شاداب خان کو مبارکباد دیتے ہوئے— فوٹو: اے ایف پی
سرفراز احمد شاندار باؤلنگ پر نوجوان شاداب خان کو مبارکباد دیتے ہوئے— فوٹو: اے ایف پی

بارباڈوس: پاکستان نے شاداب خان کی شاندار باؤلنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹی20 میچ میں باآسانی چھ وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی

برج ٹاؤن میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کو ابتدا میں ہی اس وقت کامیابی مل گئی جب احمد شہزاد کی براہ راست تھرو پر ایون لوئس کی اننگز کا خاتمہ ہوا۔

مارلن سیمیولز اور چیڈوک والٹن نے چھ اوورز کے اختتام تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی لیکن ساتویں اوور میں عماد وسیم کی گیند پر وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں سیمیولز آؤٹ قرار پائے۔

پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے شاداب خان نے اپنی دوسری ہی گیند پر 18 رنز بنانے والے والٹن اور پھر ایک گیند بعد لینڈل سمنز کو پویلین لوٹا کر عالمی کرکٹ میں آمد کا جشن منایا۔

ویسٹ انڈین کھلاڑی مارلن سیمیولز کو آؤٹ کرنے پر عماد وسیم مسرور نظر آ رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
ویسٹ انڈین کھلاڑی مارلن سیمیولز کو آؤٹ کرنے پر عماد وسیم مسرور نظر آ رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

شاداب نے اگلے اوور کی بھی دوسری ہی گیند پر سیل نارائن کو آؤٹ کیا تو آدھی ویسٹ انڈین ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی جبکہ حسن علی نے اگلے اوور میں روومین پاول کو آؤٹ کر کے میزبان ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا۔

اس موقع پر ویسٹ انڈین ٹیم کی تمام تر امیدیں کیرون پولارڈ سے وابستہ تھیں لیکن وہ 27 گیندوں پر 14 رنز بنانے کے بعد وہاب ریاض کی وکٹ بنے۔

یہ بھی پڑھیں: شاداب کا ڈیبیو پر عالمی ریکارڈ

34 رنز بنانے والے کپتان کارلوس بریتھ ویٹ نے اختتامی اوورز میں چند ہاتھ دکھائے لیکن وہ بھی ابتدائی بلے بازوں کی ناکامی کا ازالہ نہ کر سکے۔

جب اننگز کی آخری گیند پر جیسن ہولڈر آؤٹ ہوئے تو ویسٹ انڈیز نے آٹھ وکٹ کے نقصان پر 11 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے شاداب خان نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے سات رنز کے عوض تین وکٹیں لیں جبکہ وہاب ریاض، عماد وسیم، سہیل تنویر اور حسن علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

112 رنز کے ہدف کے تعاقب میں احمد شہزاد اور کامران اکمل نے پاکستان کو 25 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد احمد شہزاد پویلین لوٹ گئے۔

کامران اکمل نے سیمیول بدری کو ایک چوکا اور چھکا جڑ کر خطرناک عزائم ظاہر کیے لیکن اگلی ہی گیند پر ایک اور چھکا مارنے کی کوشش میں وہ سیدھا کیچ دے بیٹھے۔

محمد حفیظ ایک مرتبہ پھر اپنی سلیکشن سے انصاف نہ کر سکے اور ایک آسان ہدف کے تعاقب میں بھی صرف پانچ رنز بنا کر بریتھ ویٹ کی وکٹ بنے۔

تین وکٹیں گرنے کے بعد شعیب ملک اور بابر اعظم نے بیٹنگ کو سنبھالا دیا اور 46 رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا، بابر اعظم نے 29 رنز بنائے۔

شعیب ملک نے 18ویں اوور کی پہلی گیند پر چوکا لگا کر پاکستان کو میچ میں چھ وکٹ سے فتح دلانے کے ساتھ ساتھ سیریز میں بھی 1-0 کی برتری دلا دی۔ شعیب ملک نے 38 رنز بنائے۔

یہ سرفراز احمد کی زیر قیادت پاکستان کی لگاتار پانچویں ٹی20 میچ میں فتح ہے۔

چند اہم باتیں

اس سے قبل پاکستانی کپتان سرفرازاحمد نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کامران اکمل کی تین سال بعد قومی ٹیم میں واپسی ہوئی۔

میچ میں سرفراز احمد وکٹ کیپنگ کے فرائض انجام دیے اور یہ 2007 کے بعد واحد موقع تھا کہ کامران اکمل قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے وکٹ کیپنگ نہیں کی۔

پاکستان ٹیم میں پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) میں شاندار کارکردگی دکھانے والے اسپنر شاداب خان کو پہلی مرتبہ شامل کیا گیا تھا جبکہ احمد شہزاد کی بھی قومی ٹیم میں تقریباً ایک سال بعد واپسی ہوئی تھی۔

دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں نئے کھلاڑی روومین پاؤل کو شامل کیا گیا تھا۔

4 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

ویسٹ انڈیز: کارلوس بریتھویٹ (کپتان)، لیوس، والٹن، مارلن سیمیولز، سمینز، کیرون پولاڈ، رومان پاؤل، جیسن ہولڈر، سنیل نرائن، ولیمز

پاکستان: سرفرازاحمد (کپتان)، احمد شہزاد، کامران اکمل، بابراعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، عماد وسیم، شاداب خان، سہیل تنویر، وہاب ریاض، حسن علی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں