لندن: برطانیہ نے یورپی یونین سے انخلاء کا عمل شروع کرنے کے موقع پر ایک پاؤنڈ کا نیا منفرد سکہ جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس کا جعلی سکہ نہیں بنایا جاسکتا۔

یورپی یونین سے علیحدہ ہونے کا عمل 29 مارچ سے شروع ہو رہا ہے، اس موقع پر برطانوی حکومت نے ایک ایسا سکہ جاری کیا ہے، جس کی ایک سائیڈ پر ملکہ برطانیہ اور دوسری سائیڈ پر برطانیہ کی چاروں ریاستوں یعنی اسکاٹ لینڈ، شمالی آئرلینڈ، ویلز اور انگلینڈ کی علامتیں کنندہ ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادرے’اے پی‘ کے مطابق وزارت خزانہ نے نیا سکہ جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایک پاؤنڈ کا سکہ دنیا کا محفوظ ترین سکہ ہے اور اس کا جعلی سکہ تیار نہیں کیا جاسکتا۔

سکے کے 12 کونے ہیں — فوٹو: اے ایف پی
سکے کے 12 کونے ہیں — فوٹو: اے ایف پی

وزارت خزانہ نے دلیل دی کہ سکے کے 12 کونے ہیں، اور اس پر ایک ہولو گرام موجود ہے، جس کے ذریعے سکے کو مختلف رخوں یا زاویوں سے دیکھتے وقت اس کی مختلف علامتیں نظر آئیں گی۔

رائل منٹ کے سربراہ ایڈم لارینس کے مطابق ایک ارب 50 کروڑ مالیت کے نئے سکے جاری کیے گئے ہیں، اور بائیومیٹالک کا حامل یہ سکہ 1937 میں جاری کیے گئے سکے کی طرح ہے، جس کا استعمال 1971 میں ختم کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: 100 کلو وزنی خالص سونے کا سکہ چوری

ایک پاؤنڈ کے نئے سکے کی ایک طرف ملکہ ایلزبیتھ دوئم کی تصویر کنندہ ہیں، جب کہ دوسری طرف انگلینڈ، شمالی آئرلینڈ، ویلز اور اسکاٹ لینڈ کی علامتیں ہیں۔

خیال رہے کہ برطانیہ میں 1983 کے بعد پہلی بار نیا سکہ متعارف کرایا گیا ہے۔

خیال کیا جاتا ہے کہ برطانیہ میں اس وقت موجود ایک پاؤنڈ کے سکوں میں سے 3 فیصد سکے جعلی ہیں۔

سکے کا جعلی سکہ نہیں بنایا جاسکتا، برطانوی حکومت کا دعویٰ — فوٹو: اے ایف پی
سکے کا جعلی سکہ نہیں بنایا جاسکتا، برطانوی حکومت کا دعویٰ — فوٹو: اے ایف پی

تبصرے (0) بند ہیں