اوپر موجود تصاویر میں سیاہ دھبہ دیکھ کر لگ رہا ہوگا کہ یہ فوٹو شاپ یا کسی فوٹو ایڈیٹنگ ایپ کا کمال ہے؟ مگر ایسا نہیں بلکہ یہ حقیقی رنگ ہے۔

جی ہاں یہ ایک سیاہ ترین میٹریل ہے جسے وانٹا بلیک کا نام دیا گیا ہے۔

اس میٹریل کو برطانوی سائنسدانوں نے تیار کیا ہے جسے اب تک کا سیاہ ترین رنگ قرار دیا گیا ہے جو الٹرا وائلٹ شعاعوں میں 99.96 فیصد تک جذب ہوجاتا ہے اور انفراریڈ لائٹ کو بھی اپنے اندر سے گزرنے نہیں دیتا۔

محققین نے ایک یوٹیوب ویڈیو میں بتایا 'ایک ہائی پاور لیزر پوائنٹر بھی اس میٹریل کے پیچھے موجود کسی چیز کو دکھانے میں ناکام رہتا ہے، ہم نے اس سے پہلے اتنا سیاہ میٹریل کبھی تیار نہیں کیا تھا'۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

اس میٹریل کو 2014 میں تیار کیا گیا تھا مگر اب اسے پہلی بار ایک اسپرے کی شکل میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے جو 99.8 فیصد تک الٹرا وائلٹ شعاعوں کو بلاک کردیتا ہے۔

اور ہاں یہ بات ذہن میں رکھیں کہ یہ کوئی پینٹ یا کپڑا نہیں بلکہ کروڑوں کاربن نینو ٹیوبز سے تیار کردہ خصوصی کوٹنگ ہے۔

جب روشنی اس اسپرے سے رنگی ہوئی کسی چیز سے ٹکراتی ہے تو وہ نینو ٹیوبز کے خلاء میں داخل ہوتی ہے اور وہاں پھنس کر جذب ہوجاتی ہے۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

درحقیقت یہ رنگ اتنا گہرا ہے کہ انسانی آنکھ کے لیے اسے دیکھنا یا سمجھنا بھی ناممکن ہوتا ہے کیونکہ ہمارے دماغ کو کسی قسم کی روشنی کے انعکاس کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ وہ جان سکے کہ سامنے کیا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ وانٹا بلیک لوگوں کو الجھن میں ڈال دیتا ہے اور وہ اسے کسی قسم کا خلاء سمجھنے لگتے ہیں۔

یہ اسپرے یونیورسٹی یا میوزیم میں کاموں کے لیے استعمال کیا جائے گا اور عام لوگوں کو اس تک رسائی نہیں دی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں