سائرہ شہروز نے ہولی وڈ فلم کیوں ٹھکرائی؟

اپ ڈیٹ 29 مارچ 2017
سائرہ شہروز اور علشبا یوسف — فوٹو/ اسکرین شاٹ
سائرہ شہروز اور علشبا یوسف — فوٹو/ اسکرین شاٹ

ویسے تو دنیا بھر کے اداکار ہولی وڈ انڈسٹری کا حصہ بننے کے لیے بے تاب رہتے ہیں جس کی ایک مثال بولی وڈ اداکارائیں دپیکا پڈکون اور پریانکا چوپڑا ہیں، تاہم ایک ایسی پاکستانی اداکارہ بھی ہیں جنہیں ہولی وڈ فلم کی آفر ملنے کے باوجود انہوں نے اس سے انکار کردیا۔

ہم بات کررہے ہیں پاکستانی اداکارہ سائرہ شہروز کی جنہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں ہولی وڈ فلم کی آفر دی گئی تاہم انہوں نے اس فلم سے انکار کردیا کیونکہ انھیں کردار پر اعتراض تھا۔

سائرہ شہروز اپنی بہن علشبہ یوسف کے ساتھ ڈیزائنر حسن شہریار یاسین کے شو 'ٹونائٹ وِد ایچ ایس وائے' میں شریک ہوئیں۔

شو کے دوران جب ایچ ایس وائے نے ان سے ہولی وڈ فلموں میں کام کے حوالے سے سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ انہیں فلم کی آفر موصول ہوئی تھی، تاہم کردار کافی بولڈ ہونے کے باعث انہوں نے اس سے انکار کردیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا 'ضروری نہیں ہے کہ ہر چیز کو اُسی طرح دکھایا جائے، اگر آپ اس قسم کا کوئی کردار ادا کر بھی رہے ہیں تو ضروری نہیں کہ آپ کو بالکل برہنہ ہونا پڑے'۔

جس پر شو کے میزبان کا کہنا تھا کہ 'لیکن بڑی بات ہے کہ ہولی وڈ انڈسٹری یہاں تک پہنچ رہی ہے اور ہمارے فنکاروں کا کام دیکھ رہی ہے'۔

دیگر اداکاراؤں پر تنقید اور مشورے

شو کے دوران سائرہ شہروز اور علشبہ یوسف نے پاکستان کی کئی دیگر اداکاراؤں کو تنقید کا نشانہ بنایا جن میں مہوش حیات خان، صبا قمر اور ماورا حسین شامل ہیں۔

جب علشبہ سے سوال کیا گیا کہ وہ کون سی اداکارہ ہیں، جنھیں میک اپ کرکے بارش میں نہیں جانا چاہیے ورنہ ان کا سارا میک اپ اتر جائے گا تو انہوں نے مہوش حیات خان کا نام لیا اور کہا کہ 'وہ بے حد میک اپ کرتی ہیں'۔

سائرہ شہروز نے یہ بھی کہا کہ ماورا حسین کی اداکاری دیکھ کران کا خون کھولتا ہے۔

انہوں نے صبا قمر کو شو کے دوران ڈانس سیکھنے کا مشورہ بھی دے ڈالا۔

مزید پڑھیں: فلم 'چلے تھے ساتھ' کا ٹریلر ریلیز

اگر کام کے حوالے سے بات کی جائے تو سائرہ شہروز اس وقت اپنی پہلی پاکستانی فلم 'چلے تھے ساتھ' پر کام کررہی ہیں۔

یہ فلم رواں سال 21 اپریل کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں