لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ارفع کریم سوفٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں ای-روزگار تربیتی پروگرام کا افتتاح کردیا۔

اس پروگرام کے تحت صوبے کے 36 اضلاع میں کام کرنے والے 40 سینٹرز نوجوانوں کو آن لائن ملازمتوں کے حوالے سے تربیت فراہم کریں گے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اس طرح کے 40 لاکھ سینٹرز ہونے چاہئیں تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو معاشی طور پر مستحکم کیا جاسکے۔

انھوں نے کہا کہ حکومت نے نوجوانوں کی ترقی اور انھیں معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے متعدد پروگرامز شروع کر رکھے ہیں، آئی ٹی کی معلومات رکھنے والے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں نہ صرف ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ اپنے خاندانوں کا سہارا بھی بنے ہوئے ہیں، یہی ملک کو ترقی اور تبدیلی کے راستے پر گامزن کرنے کا راستہ ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت سرمایہ کاری کے لیے مناسب ماحول فراہم کرنے کی ذمہ دار ہے اور اس سلسلے میں پنجاب حکومت خصوصی اقدامات اٹھا رہی ہے، جبکہ ای-روزگار اور خادم پنجاب سیلف ایمپلائمنٹ اسکیم اسی وژن کا ایک حصہ ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 'خادم پنجاب اسکیم کے تحت نوجوانوں کو بغیر سود قرضے دیئے گئے اور 90 ہزار لڑکے اور لڑکیاں اس پروگرام سے مستفید ہوئے'۔

ان کا کہنا تھا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر عمر سیف نے 3 سال قبل ای-روزگار پروگرام کی بنیاد رکھی تھی اور ان سینٹرز میں تربیت حاصل کرنے والے نوجوان باعزت ملازمتیں کر رہے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا تھا کہ ملک کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ ای-روزگار پروگرام نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کے وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق شروع کیا گیا تھا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر سید رضا علی گیلانی اور جہانگیر خانزادہ نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور ای-روزگار پروگرام کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

یہ خبر 29 مارچ 2017 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں