سعودی عرب نے دارالحکومت ریاض کے جنوب مغرب میں اعلیٰ ترین معیار کا ثقافتی، اسپورٹس اور تفریحی شہر بنانے کا اعلان کردیا۔

عرب نیوز کے رپورٹ کے مطابق اس شہر کا سنگ بنیاد 2018 میں رکھا جائے گا جس کا پہلا مرحلہ 2022 میں مکمل ہوگا۔

اپنی نوعیت کا دنیا کا سب سے بڑا منصوبہ ریاض کے جنوب مغرب میں ’القدِیا‘ کے مقام پر 334 مربعہ کلو میٹر کے رقبے پر بنایا جائے گا، جس میں سفاری ایریا بھی شامل ہوگا۔

تفریحی شہر بنانے کا اعلان سعودی عرب کے نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کیا، جو کہ اس منصوبے کے مرکزی سرمایہ کار ’پبلک انویسٹمنٹ فنڈ‘ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین بھی ہیں۔

شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ ’یہ شہر ہمارے ملک کی ثقافتی پہچان ہوگا اور ہماری آئندہ نسلوں کی تفریحی، ثقافتی اور سماجی ضروریات کو پورا کرنے کا اہم سینٹر ہوگا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’یہ منصوبہ سعودی حکومت کے ویژن 2030 پلان کا حصہ ہے جس کے تحت ملک میں نوجوانوں کو ملازمت کے نئے مواقع فراہم ہوں گے اور ملکی معیشت کو فائدہ ہوگا۔‘

سعودی نائب ولی عہد کا کہنا تھا کہ ’یہ منصوبہ سیاحوں کی توجہ حاصل کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا اور اسے بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جائے گا، جبکہ ممکنہ طور پر اس میں سِکس فلیگ کے تفریحی شہر کو بھی شامل کیا جائے گا، جو کہ اس منصوبے کی سب سے پرکشش بات ہوگی۔

تبصرے (1) بند ہیں

ahmak adamı Apr 09, 2017 08:45am
should we think that jats have agreed to get educated?