کوئٹہ: ایران کے حکام نے جشن نو روز کی تقریبات کے سلسلے میں 3 ہفتوں تک زیرو پوائٹ کو بند رکھنے کے بعد دوبارہ کھول دیا۔

پاکستان اور ایران کے درمیان آمد و رفت کا یہ سرحدی راستہ 20 مارچ کو جشن نو روز کے سلسلے میں بند کیا گیا تھا، یہ جشن ہر سال ایران اور افغانستان میں بہار کی آمد پر منایا جاتا ہے۔

پاکستان کے سرحدی حکام نے بتایا کہ 'بندش کے دوران دونوں جانب سے تمام تجارتی سرگرمیاں بند رہیں'۔

تاہم زیرو پوائنٹ کی بندش کے دوران ویزا اور پاسپورٹ کے حامل تاجروں کو سرحد عبور کرنے کی اجازت تھی۔

ایک مقامی عہدیدار نے بتایا کہ سرحد کی بندش سے بیشتر کھانے کی اشیاء اور دیگر چھوٹی مصنوعات لے جانے والے تاجر شدید متاثر ہوتے ہیں اور وہ دونوں جانب کے سرحدی احکام کے رحم و کرم پر ہوتے ہیں۔

خیال رہے کہ ایران کے سرحدی علاقے تافتان سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد زیرو پوائٹ کے ذریعے سرحد پار تجارت کرتی ہے۔

یہ رپورٹ 11 اپریل 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں