جمیل احمد اسٹیٹ بینک کے نائب گورنر مقرر

11 اپريل 2017

ای میل

وفاقی حکومت نے جمیل احمد کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کا نائب گورنر مقرر کردیا۔

ایس بی پی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بینکنگ کے شعبے میں 26 سال کا تجربہ رکھنے والے جمیل احمد کی تعیناتی تین برس کی مدت کے لیے کی گئی ہے۔

بطور نائب گورنر اسٹیٹ بینک تعیناتی سے قبل جمیل احمد اسٹیٹ بینک میں بینکنگ سپرویژن گروپ اور فنانشل اسٹیبلٹی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔

جمیل احمد آپریشنز، بینکنگ پالیسی اینڈ ریگولیشن ڈپارٹمنٹ، ڈویلمپمنٹ فنانس ڈپارٹمنٹ اور فنانشل ریسورس مینجمنٹ کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔

جمیل احمد اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کے رکن بھی ہیں اور یہ عہدہ انہوں نے بینکنگ سپرویژن گروپ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی حیثیت سے سنبھالا تھا البتہ اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر بننے کے بعد بھی وہ رکن برقرار رہیں گے۔

پریس ریلیز کے مطابق اسٹیٹ بینک نے محمد اختر جاوید کو بینکنگ پالیسی اینڈ ریگولیشنز ڈپارٹمنٹ کا سربراہ مقرر کرنے کا بھی اعلان کیا جس کا اطلاق 10 اپریل سے ہوگا۔