چار گیندوں پر 92 رنز دینے کا عالمی ریکارڈ

12 اپريل 2017
لال ماٹیا کی ٹیم احتجاجاً جان بوجھ کر میچ ہار گئی— فائل فوٹو: اے ایف پی
لال ماٹیا کی ٹیم احتجاجاً جان بوجھ کر میچ ہار گئی— فائل فوٹو: اے ایف پی

ویسے تو دنیا کے ہر کھیل کی طرح کرکٹ میں بھی گزرتے وقت کے ساتھ نت نئے ریکارڈز بنتے جا رہے ہیں لیکن حال ہی میں بنگلہ دیش میں باؤلر نے ایک ایسا ریکارڈ بنا دیا جو کسی نے آج تک نہ تو دیکھا اور نہ سنا۔

ڈھاکا سیکنڈ ڈویژن کرکٹ لیگ میں ایگژیوم اور لال ماٹیا کے درمیان میچ میں امپائر کے جانبدارانہ فیصلے کے خلاف احتجاجاً باؤلر نے بدترین کارکردگی کے نئے ریکارڈز بنا دیے۔

50 اوورز فی اننگز کے میچ میں لال ماٹیا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 14 اوورز میں محض 88 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی لیکن اس سے قبل امپائر کی جانب سے کئے گئے فیصلے پر نالاں نظر آئی۔

لال ماٹیا کے سیکریٹری عدنان رحمان دیپون نے بتایا کہ یہ معاملہ ٹاس کے موقع پر شروع ہوا۔ میرے کپتان کو سکا دیکھنے کی اجازت نہیں دی گئی اور جیسے کہ ہمیں توقع تھی، حریف ٹیم نے امپائر کی جانبداری کا فائدہ اٹھا کر ہمیں پہلے بیٹنگ کیلئے بھیج دیا۔

انہوں نے کہا کہ میری ٹیم کے کھلاڑی 17، 18 اور 19 سال کے نوجوان ہیں جو اس ناانصافی کو برداشت نہ کر سکے لہٰذا انہوں نے محض چار گیندوں پر 92 رنز دے دیے۔

ایگزیوم کی اننگز کا اسکور کارڈ
ایگزیوم کی اننگز کا اسکور کارڈ

جی ہاں، لال ماٹیا کے باؤلر نے 32 گیندوں کا اوور کرایا اور صرف چار قانونی گیندوں پر 92 رنز دیتے ہوئے ایگزیوم کو دس وکٹوں سے جتوا دیا۔

باؤلر سجون محمود نے 15 نوبال اور 13 وائڈ گیندیں کیں جس میں باؤنڈریز سمیت 65 رنز بنے جبکہ ان کی چار قانونی گیندوں پر 12 رنز اسکور ہوئے۔

یاد رہے کہ کسی بھی انٹرنیشنل میچ میں ایک اوور میں اب تک سب سے زیادہ 36 رنز بنے ہیں جس میں ہر گیند پر چھکا لگایا گیا اور ایسا ٹی20 اور ون ڈے میچوں میں ہوا ہے جبکہ فرسٹ کلاس میچوں میں بھی اس طرح کے دو واقعات پیش آ چکے ہیں البتہ ٹیسٹ کرکٹ میں آج تک اس طرح کا واقعہ پیش نہیں آیا۔

ون ڈے میں ہرشل گبز نے نیدرلینڈ جبکہ ہندوستان کے یوراج سنگھ نے انگلینڈ کے خلاف چھ گیندوں پر چھ چھکے لگا کر یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Imran Ahmad Qasrani Apr 13, 2017 09:40am
bilkul sahi kia hai