کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ایک شخص نے خلع مانگنے پر اپنی بیوی اور ساس کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔

پولیس نے مطابق واقعہ کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں پیش آیا جہاں مبینہ طور پر شوہر نے خلع مانگنے پر اپنی بیوی اور اس کی ماں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

سرجانی تھانے کے ایس ایچ او غلام حسین کورائی نے بتایا کہ 20 سالہ کران بابر اور اس کی ماں 45 سالہ مسز شاہ جہاں بابر کو سرجاری کے علاقے خدا کی بستی میں ملک ناصر نامی شخص نے فائرنگ کرکے قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: 'جانے کس جرم کی پائی ہے سزا'

ایس ایچ او سرجانی غلام حیسن کے مطابق چھ ماہ قبل کرن کی شادی ملک ناصر سے ہوئی تھی اور یہ ملزم کی تیسری شادی تھی۔

ایس ایچ او کے مطابق شادی کے چند عرصے بعد ہی جوڑے کے درمیان تنازعات پیدا ہوگئے اور ایک ماہ قبل کرن اپنے شوہر سے علیحدہ ہوگئی تھی جبکہ اس نے ملیر کورٹ میں خلع کی درخواست بھی دائر کی تھی۔

رپورٹس کے مطابق مقتولہ کو جمعرات 13 اپریل کو اس سلسلے میں عدالت میں پیش بھی ہونا تھا تاہم اس سے پہلے کہ وہ عدالت کے لیے روانہ ہوتی اس کا شوہر اس کے گھر آگیا اور خلع کی درخواست واپس لینے پر رضا مند کرنے کی کوششیں کرنے لگا۔

مزید پڑھیں: تھر: شوہر کے ہاتھوں بیوی قتل، لاش کنویں میں پھینک دی

اس دوران دونوں کے درمیان جھگڑا شروع ہوگیا اور جب مقتولہ اپنی ماں کے ہمراہ عدالت جانے کے لیے گھر سے نکلی تو ملزم نے مبینہ طور پر راستے میں ہی فائرنگ کرکے انہیں قتل کردیا۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے جبکہ ملزم کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں