رونالڈو نے میسی کو مات دے دی

13 اپريل 2017
بایرن میونخ کے خلاف گول اسکور کرنے پر رونالڈو کا فاتحانہ انداز— فوٹو: اے ایف پی
بایرن میونخ کے خلاف گول اسکور کرنے پر رونالڈو کا فاتحانہ انداز— فوٹو: اے ایف پی

عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے چیمپیئنز لیگ میں 100 گول اسکور کر کے اپنے روایتی حریف لیونل میسی کو مات دینے کے ساتھ ساتھ ناقدین کے منہ بھی بند کر دیے۔

چیمپیئنز لیگ میں بایرن میونخ کے خلاف کوارٹر فائنل کے پہلے لیگ میں پہلے ہاف کے اختتام پر ریال میڈرڈ کو 1-0 کے خسارے کا سامنا تھا لیکن دوسرے ہاف میں رونالڈو نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو 2-1 سے فتح دلانے کے ساتھ ساتھ چیمپیئنز لیگ کا لگاتار ساتواں سیمی فائنل کھیلنے کی راہ ہموار کر دی۔

یاد رہے کہ گزشتہ چھ چیمپیئنز لیگ میچوں میں کرسٹیانو رونالڈو کوئی گول نہ کرنے کے سبب دباؤ کا شکار تھے اور انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا لیکن انہوں نے شاندار کارکردگی دکھا کر ناقدین کے منہ بند کر دیے۔

ان دو گولوں کی بدولت انہوں چیمپیئنز لیگ میں اپنے گولوں کی سنچری بھی مکمل کرتے ہوئے اپنے حریف لیونل میسی کو اس دوڑ میں پیچھے چھوڑ دیا۔

کرسٹیانو رونالڈو چیمپیئنز لیگ کے 143 میچوں میں 100 گول کر کے اس سرفہرست ہیں جبکہ لیونل میسی 118 میچوں میں 97 رنز بنا کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

تیسرے نمبر پر 76 گول کے ساتھ راؤل گونزالز فلیپو انزاگھی 70 گول کے ساتھ چوتھے جبکہ ایندرے شیوچینکو 67 گول کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں