لاہور: آن لائن ٹیکسی کی سہولت فراہم کرنے والی کمپنی کریم نے سابق کرکٹر وسیم اکرم کو ایک دن کا اعزازی چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کردیا۔

کریم کی جانب سے باضابطہ طور پر اعلان سے قبل ہی سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کرنے لگیں کہ وسیم اکرم کو کریم کا سی ای او مقرر کردیا گیا، تاہم بعد ازاں کمپنی نے اس کا باقاعدہ اعلان بھی کیا۔

کریم کے فیس بک پیج پر کمپنی کے پاکستان میں سربراہ جنید اقبال نے براہ راست ویڈیو میں وسیم اکرم کو ایک دن کے بطور اعزازی سی ای او مقرر کرنے کا اعلان کیا۔

جنید اقبال کی جانب سے اعلان سے قبل کریم کے فیس بک پر پوسٹ شیئر کی گئی، جس میں کہا گیا کہ شام 6 بجے اہم اعلان کیا جائے گا۔

جنید اقبال نے وسیم اکرم کا بطور سی ای او تقرر کرنے کے بعد اس بات کی بھی وضاحت کی کہ انہوں نے سابق کرکٹر کو اعزازی چیف ایگزیکٹو آفیسر کیوں مقرر کیا۔

جنید اقبال نے کہا کہ کریم کا اپنا ایک کلچر ہے، کمپنی تعاون، شراکت داری، اخلاقیات اور سماجی اقدار کی بہتری کی ترویج پر یقین کرتی ہے، اور وسیم اکرم نے یہ تمام منزلیں طے کی ہیں۔

جنید اقبال نے اعلان کے بعد وسیم اکرم کو مخاطب ہوکر کہا کہ’ اب کمپنی کے آپ باس ہیں، میں آپ کا ماتحت ہوں، حکم کریں، جس پر وسیم اکرم نے پہلا آرڈر دیا کہ آج سب کو چھٹی دی جائے۔

وسیم اکرم کی جانب سے مذاق میں دئیے گئے احکامات پر قہقہے گونج اٹھے۔

وسیم اکرم نے کریم کی جانب سے اعزاز دئیے جانے پر جنید اقبال کا شکریہ بھی ادا کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں