لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ویسٹ انڈیز میں کھلاڑیوں کی اچھی پرفارمنس پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کے پاس ٹیسٹ سیریز جیتنے کا اچھا موقع ہے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران انضمام الحق کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میں کامیابیوں کے بعد ہمیں اپنی خامیوں پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ کافی عرصے بعد احمد شہزاد اور کامران اکمل ٹیم کا حصہ بنے، ان کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ان پر مزید بھروسہ کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز میں کبھی بھی ٹیسٹ سیریز نہیں جیت پائی، اس بار ہمارے پاس اچھا موقع ہے، اگر ٹیم جیت کر آتی ہے تو یہ ایک تاریخی جیت ہوگی۔

چیف سلیکٹر نے بتایا کہ راحت علی ان فٹ ہیں، انہیں ویسٹ انڈیز نہیں بھیجا جا سکتا، اس بات کی امید ہے کہ وہ مستقبل میں قومی ٹیم کے کام آئے گا۔

انضمام الحق کے مطابق انڈر 13 اور انڈر 16 کرکٹ میں نئے بچوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملتا ہے،اس عمل سے نیا ٹیلنٹ بھی سامنے آتا ہے، جنہیں آگے آنے کا موقع ملے گا۔

چیف سلیکٹر نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کامران اکمل مستقبل میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے،اور کھلاڑی ٹیسٹ سیریز میں جیت کو یقینی بنائیں گے۔

انضمام الحق نے واضح کیا کہ ٹیم میں صرف وہ ہی کھلاڑی جگہ لے پائے گا جو اچھا کھیل کھیلے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 22 اپریل سے کنگسٹن، دوسرا 30 اپریل سے بارباڈوس اور تیسرا 10 مئی سے ڈومینیکا میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں