لکس اسٹائل ایوارڈ: اسٹارز نے اٹھائی حساس موضوعات پر آواز

اپ ڈیٹ 21 اپريل 2017
احسن خان کو بہترین ٹی وی اداکار کا ایوارڈ دیا گیا — فوٹو/ اسکرین شاٹ
احسن خان کو بہترین ٹی وی اداکار کا ایوارڈ دیا گیا — فوٹو/ اسکرین شاٹ

پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات اب معاشرتی مسائل اور حساس موضوعات پر بات کرنے سے نہیں ہچکچاتیں اور اس کی چند مثالیں رواں ہفتے ہونے والے لکس اسٹائل ایوارڈز کے دوران دیکھنے کو ملیں۔

پاکستان کے اس کامیاب ایوارڈ شو میں 2 اسٹارز ماہرہ خان اور احسن خان نے اس پلیٹ فارم کی مدد سے حال ہی میں ہونے والے متنازع واقعات پر آواز اٹھائی۔

احسن خان کو ان کے ڈرامے ’اُڈاری‘ کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا، اس دوران اسٹیج پر اپنا ایوارڈ قبول کرنے کے بعد انھوں نے مردان کی عبدالولی خان یونیورسٹی میں ساتھیوں کے تشدد سے جاں بحق ہونے والے طالب علم مشال خان پر بات کی۔

انہوں نے کہا، ’آج کل ہمارے یہاں روزانہ جس قسم کے واقعات ہورہے ہیں جیسے مشال خان کا واقعہ، تو اس کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے معاشرے میں شعور نہیں اور ٹیلی ویژن عوام کو شعور دینے کا اہم ذریعہ ہے، لہذا یہ ہماری ذمہ داری اور میری سب سے یہ خصوصی درخواست ہے کہ ہم ٹیلی ویژن کے ذریعے عوام میں شعور بیدار کریں‘۔

انہوں نے بچوں پر تشدد کے موضوع پر بننے والے اپنے ڈرامے ’اُڈاری‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس ڈرامے نے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا رُخ تبدیل کردیا۔

ماہرہ خان جو زیادہ تر اس طرح کے متنازع موضوعات پر بات کرنے سے پرہیز کرتی ہیں، اپنی فلم ’ہو من جہاں‘ کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ قبول کرتے ہوئے سماجی مسائل پر بات کرنے سے خود کو روک نہیں پائیں۔

انہوں نے کہا، ’جو بات میں نے محسوس کی ہے وہ یہ ہے کہ ہم ایک ایسا ملک بنا سکتے ہیں جہاں ہر شخص کی اپنی ذاتی رائے ہو اور دوسرے اس کی عزت کریں، چاہے وہ رائے کیسی بھی ہو، مجھے امید ہے کہ لوگ دیکھیں گے کہ پاکستان میں کتنا ٹیلنٹ موجود ہے‘۔

امید ہے کہ احسن خان اور ماہرہ خان کی طرح مزید اداکار بھی سماجی مسائل پر بات کرنے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں