سری دیوی کی ’موم‘ کی ریلیز تاریخ تبدیل

اپ ڈیٹ 21 اپريل 2017
عدنان صدیقی اور سجل علی فلم ’موم‘ کے ساتھ بولی وڈ میں ڈیبیو کریں گے — ۔
عدنان صدیقی اور سجل علی فلم ’موم‘ کے ساتھ بولی وڈ میں ڈیبیو کریں گے — ۔

اگر آپ پاکستانی اداکار عدنان صدیقی اور سجل علی کی پہلی بولی وڈ فلم ’موم‘ کا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں، تو آپ کے لیے ایک خوشخبری ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق فلم ’موم‘ کی ریلیز تاریخ تبدیل کردی گئی ہے اور اب یہ اعلان کردہ تاریخ سے قبل ہی ریلیز کردی جائے گی۔

فلم کو اس سے قبل رواں سال 14 جولائی کو ریلیز کے لیے پیش کرنے کا ارادہ کیا گیا تھا، تاہم اس تاریخ پر بولی وڈ کی دو اور فلمیں بھی ریلیز ہورہی ہیں جن میں رنبیر کپور اور کترینہ کیف کی رومانوی کامیڈی فلم ’جگا جاسوس‘ اور شردہا کپور کی داؤد ابراہیم کی بہن کی زندگی پر بننے والی فلم ’حسینہ‘ شامل ہے۔

مزید پڑھیں: عدنان صدیقی نے کن بولی وڈ فلموں کو کیا انکار؟

دو بڑی فلموں کے مدمقابل آنے کے باعث فلم ’موم‘ کے پروڈیوسرز نے اس کی تاریخ تبدیل کرتے ہوئے اسے رواں سال 7 جولائی کو ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فلم ’موم‘ کی کہانی ایک سوتیلی ماں اور 18 سالہ بیٹی کے رشتے پر مبنی ہے۔

اس فلم میں سری دیوی مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی، جبکہ نوازالدین صدیقی، اکشے کمار، عدنان صدیقی اور سجل علی بھی فلم میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

حال ہی میں فلم کا پہلا ٹیزر بھی ریلیز کیا گیا تھا، جسے مداحوں کی خوب داد وصول ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں