جہلم میں زائرین کی گاڑی کو حادثہ، 6 افراد ہلاک

22 اپريل 2017
گاڑی میں سوار افراد آپس میں قریبی رشتے دارتھے—فوٹو: عامر کیانی
گاڑی میں سوار افراد آپس میں قریبی رشتے دارتھے—فوٹو: عامر کیانی

پنجاب کے علاقے جہلم کی تحصیل پنڈ دادنخان میں زائرین سے بھری گاڑی الٹنے سے 6 افراد جاں بحق اور 13 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

پنڈدادنخان کے علاقے مندھیڑ میں اس وقت حادثہ پیش آیا جب خواتین اور بچوں سمیت 19 افراد سے بھری گاڑی دربار پیر دا کھاڑا میں حاضری کے لیے جارہی تھی کہ اس کا ٹائر پھٹ گیا جس کے نتیجے میں گاڑی کھائی میں جاگری۔

حادثے میں 6 افراد موقع پر دم توڑ گئے جن میں ایک بچہ اور دو خواتین بھی شامل تھیں۔

امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا جہاں سے 4 افراد کو تشویش ناک حالت میں راولپنڈی بھیج دیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق حادثے کی شکار گاڑی میں سوار تمام افراد آپس میں قریبی رشتے دار تھے۔

خیال رہے کہ رواں سال جنوری میں جہلم میں کار اور مسافر وین میں تصادم کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں:جہلم: کار اور وین میں تصادم ، 14 افراد ہلاک

ڈسٹرکٹ پولیس آفس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 8 مرد، 4 خواتین اور دو بچے شامل تھے۔

عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ دینہ سے اسلام آباد کی جانب جانے والی کار کا ٹائر پیرسہاوا کے قریب اچانک پھٹ گیا، جس کے بعد ڈرائیور اس پر قابو نہ رکھ سکا اور وہ مرکزی شاہراہ پر الٹ گئی، اس کے پیچھے ہی تیز رفتار وین آ رہی تھی جو اس کار پر چڑھ گئی۔

تبصرے (0) بند ہیں