کراچی: سندھ کابینہ نے رینجرز کو حاصل خصوصی اختیارات میں 90 روز کی توسیع کی منظوری دے دی۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق رینجرز خصوصی اختیارات کے تحت ملزمان کوگرفتار کرکے تحقیقات کرسکے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی سربراہی میں ہونے والے سندھ کابینہ کے اجلاس میں رینجرز کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت خصوصی اختیارات دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں پولیس کی صلاحیت بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت پولیس کی خصوصی تربیت پر توجہ دے رہی ہے اور کوشش کررہی ہے کہ پولیس کی کی کارکردگی کو مزید بہتر کرے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب کی طرح سندھ میں رینجرز کے اختیارات کم کرنے پر غور

خیال رہے کہ رینجرز کے پولیسنگ اختیارات کا معاملہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان لفظی جنگ کاباعث بنتا رہا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ وزارت داخلہ رینجرز کو خصوصی اختیارات کے معاملے پر سندھ حکومت سے رابطے میں ہے۔

سندھ حکومت نے رواں سال جنوری میں رینجرز کے خصوصی اختیارات میں 90 روز کی توسیع کی تھی۔

سندھ کی صوبائی وزارت داخلہ نے چند روز قبل ہی وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کو انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت رینجرز کے خصوصی اختیارات میں 90 روز کی توسیع کے لیے سمری بھیجی تھی جس کی اب منظوری دے دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: سندھ حکومت سے 'کشیدہ' تعلقات: آئی جی نے خاموشی توڑ دی

قبل ازیں یہ خبریں بھی سامنے آرہی تھیں کہ سندھ حکومت رینجرز کو خصوصی اختیارات دینے کے لیے 'پنجاب ماڈل' اپنانے پر غور کررہی ہے جس کے بعد پیراملٹری فورس دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی میں پولیس کی مدد کرے گی۔

ڈان کو صوبائی حکومت کے ترقیاتی کاموں سے جڑے دو عہدیداران نے بتایا تھا کہ کہ سندھ حکومت 15 اپریل کو ختم ہونے والے رینجرز کے خصوصی اختیارات کی توسیع نہیں چاہ رہی۔


تبصرے (0) بند ہیں