ممبئی: ہندو انتہا پسندوں کا پاکستانی کپڑوں کے اسٹال پر دھاوا

اپ ڈیٹ 22 اپريل 2017
تصویر بشکریہ ہندوستان ٹائمز
تصویر بشکریہ ہندوستان ٹائمز

ممبئی: بھارت کی ہندو انتہا پسند تنظیم مہاراشٹرا نوئرمن سینا (ایم این ایس) کے مشتعل کارکنان نے پاک فوج کی جانب سے ’را‘ کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنائے جانے کے خلاف ممبئی کے ایک شاپنگ مال میں لگے پاکستانی کپڑوں کے اسٹال پر دھاوا بول دیا۔

خیال رہے کہ انتہا پسند تنظیم ایم این ایس، شیو سینا کے سابق رہنما راج شری کانت ٹھاکرے نے 2006 میں بنائی تھی، یہ تنظیم اس سے پہلے بھی متعدد بار پاکستانی فنکاروں کو دھمکیاں دے چکی ہے، جب کہ یہ ہندوستان میں میڈ ان پاکستان مصنوعات کی مخالفت کرتی رہی ہے۔

پاکستانی فیشن برانڈ ’زارا‘ کا اسٹال ممبئی کے علاقے لوئر پاریل میں بنے پالاڈیم مال میں ہے، جس میں پاکستانی کپڑوں سمیت فیشن سے منسلک دیگر چیزیں ’میڈ ان پاکستان‘ کے ٹیگ سے فروخت ہوتی ہیں۔

کلبھوشن یادیو کو پاک فوج نے پاکستان میں جاسوسی اور تخریب کاری کی کارروائیوں میں ملوث ہونے پر رواں ماہ 10 اپریل کو موت کی سزا سنائی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنا دی گئی

کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنائے جانے پر بھارتی حکومت سمیت دیگر ہندوستانی سیاسی پارٹیاں بھی چیخ اٹھیں تھیں، بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا تھا کہ کلبھوشن یادیو کو بچانے کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔

بھارتی اخبارہندوستان ٹائمز کے مطابق کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنائے جانے کے خلاف ہندو انتہا پسند تنظیم کے کارکنان ریتا گپتا کی سربراہی میں ممبئی کے شاپنگ مال کے اس حصے میں گھس گئے، جہاں پاکستانی فیشن برانڈ ’زارا‘ کا اسٹال لگا ہوا تھا۔

اخبار نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ریتا گپتا نے شاپنگ مال انتظامیہ کو فوری طور پر ’میڈ ان پاکستان‘ کی مصنوعات کا حصہ بند کرنے کا کہا۔

رپورٹ کے مطابق ریتا گپتا کا کہنا تھا کہ پاکستان نے غیر منصفانہ طور پر کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنائی، اور ہم یہاں پاکستانی مصنوعات کی فروخت کر رہے ہیں۔

اخبار نے لکھا کہ ریتا گپتا نے کہا اگر سادے الفاظ میں کہا جائے تو یہ ناقابل قبول ہے۔

مزید پڑھیں: شیوسینا کا حملہ: پاک و ہند کرکٹ مذاکرات منسوخ

ریتا گپتا نے شاپنگ مال انتظامیہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستانی کپڑوں کو یہاں سے نہیں ہٹایا گیا تو ان کی تنظیم اپنے پرانے طریقے (تشدد) کو استعمال کرتے ہوئے اسٹال ہٹادے گی۔

اخبار نے لکھا کہ کلبھوشن یادیو کو سزائے سنائے جانے کے بعد انتہا پسند تنظیم ’ایم این ایس‘ نے پاکستان کے خلاف جارحانہ مہم شروع کر رکھی ہے، تنظیم نے مختلف مقامات پر بینرز بھی لگائے جن میں پاکستان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔

یہ ہندو انتہا پسند پارٹی ریاست مہارا شٹرا میں زیادہ اثر رکھتی ہے اور کلبھوشن یادیو کا تعلق بھی اسی ریاست کے شہر ممبئی سے ہے، جب کہ ممبئی کو اس پارٹی کا گڑھ سمجھ جاتا ہے۔

دوسری جانب شاپنگ مال انتظامیہ نے اس واقعے پر کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔

تبصرے (0) بند ہیں