ویسٹ انڈیز کیخلاف یونس، بابر اعظم کی نصف سنچریاں

اپ ڈیٹ 24 اپريل 2017
یونس خان نصف سنچری مکمل ہونے پر شائقین کی داد کا جواب دے رہے ہیں — فوٹو / اے ایف پی
یونس خان نصف سنچری مکمل ہونے پر شائقین کی داد کا جواب دے رہے ہیں — فوٹو / اے ایف پی

جمیکا: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنالیے جبکہ ویسٹ انڈیز کو اب بھی 85 رنز کی برتری حاصل ہے۔

تیسرے روز کھیل ختم ہونے پر پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے 286 رنز کے جواب میں 201 رنز بنالیے تھے جبکہ مصباح الحق اور اسد شفیق 5،5 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔

جمیکا میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں دوسرے دن کا کھیل تقریباً بارش کی نذر ہونے کے بعد تیسرے دن بھی خراب آؤٹ فیلڈ کے سبب کھیل تاخیر شروع ہوا۔

ویسٹ انڈیز نے میچ کے تیسرے روز 279 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ سے اننگز شروع کی تو آخری وکٹ اسکور میں محض سات رنز کا اضافہ کر سکی اور پوری ٹیم 286 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

محمد عامر کی گیند پر ویسٹ انڈین بلے باز الزاری جوزف کے باؤلڈ ہونے کا منظر— فوٹو: اے ایف پی
محمد عامر کی گیند پر ویسٹ انڈین بلے باز الزاری جوزف کے باؤلڈ ہونے کا منظر— فوٹو: اے ایف پی

یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم ابتداء میں 71 رنز پر پانچ وکٹیں گنوا کر مشکلات سے دوچار تھی لیکن روسٹن چیز نے 63، شین ڈاؤرچ 56 اور کپتان جیسن ہولڈر نے ناقابل شکست 57 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو معقول اسکور تک رسائی دلائی۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے کیریئر کی بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 44 رنز کے عوض 6 وکٹیں لیں جبکہ یاسر شاہ نے 2 وکٹیں لیں۔

پاکستان نے پہلی اننگز کا آغاز کیا تو 23 کے مجموعے پر اظہر علی 15 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

احمد شہزاد اور بابر اعظم نے اسکور کو 54 رنز تک پہنچایا لیکن اسی اسکور پر شہزاد 31 رنز بنانے کے بعد حریف کپتان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔

اس کے بعد تجربہ کار یونس خان وکٹ پر پہنچے، بابر اعظم اور یونس خان کے درمیان تیسری وکٹ کی پارٹنرشپ میں 131 رنز کا اضافہ ہوا۔

اس کے بعد یونس خان 58 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ بابر اعظم بھی 72 رنز بناکر شینن گیبریئل کا شکار بن گئے۔

تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو کپتان مصباح الحق اور اسد شفیق 5،5 رنز بناکر چکے تھے جبکہ پاکستان کا مجموعی اسکور 201 ہوچکا تھا اور اسے ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 85 رنز درکار تھے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شینن گیبریئل نے 2 جبکہ جوزف اور ہولڈر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔


تبصرے (0) بند ہیں