شان کا نیا اشتہار: پاک-چین دوستی کی مثال

اپ ڈیٹ 26 اپريل 2017
فوٹو/اسکرین شاٹ—۔
فوٹو/اسکرین شاٹ—۔

ویسے تو ہمارے یہاں پاک-چین دوستی کے نعرے لگتے ہی رہتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کے آغاز کے بعد سے محبت میں مزید اضافہ بھی ہوا ہے، لیکن مصالحے بنانے والی کمپنی شان نے اس دوستی کو ایک بالکل ہی نیا رنگ دے ڈالا۔

شان مصالحے کے ایک نئے اشتہار میں پاکستان اور چین کی گہری دوستی کو پیش کیا گیا، جس میں لذیز پکوان کے ذریعے دو الگ ممالک سے تعلق رکھنے والے لوگ قریب آئے۔

اس اشتہار میں دکھایا گیا کہ چین سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے نے لاہور میں رہائش اختیار کی، یہ دونوں صرف چینی یا انگریزی زبان سے واقف تھے۔

اشتہار میں دکھایا گیا کہ کھانے کی میز پر اپنی بیوی کو خاموشی سے کھانا کھاتے دیکھ کر شوہر نے خاتون سے کہا کہ وہ نئے دوست بنانا شروع کریں، تاہم بیوی نے کہا کہ وہ یہاں کسی کو نہیں جانتے اور ان کے تو پکوان بھی پاکستانی کھانوں سے مختلف ہیں۔

لیکن اچانک کوئی خیال آتے ہی چینی خاتون نے اپنے شوہر سے کہا کہ وہ انھیں کسی بازار تک چھوڑ دیں، جس کے بعد انہوں نے وہاں سے شان کا بریانی مصالحہ خریدا اور گھر پہنچ کر بریانی بنانا شروع کی۔

جس کے بعد چینی خاتون اس بریانی کو لے کراپنے پڑوسیوں کے گھر گئیں، جہاں اس پاکستانی خاندان نے ان کا خوش دلی سے استقبال کیا۔

خیال رہے کہ یہ اشتہار ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے، جب پاکستان اور چین سی پیک منصوبے پر ایک ساتھ کام کررہے ہیں۔

یاد رہے کہ 5 جولائی 2013 کو وزیراعظم نواز شریف نے اپنے دورہ چین کے موقع پر چینی صدر سے ملاقات میں پاک-چین اکنامک کوریڈور کے تحت 8 منصوبوں کی مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کیے تھے، جن میں گوادر سے کاشغر تک 2 ہزار کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر کا منصوبہ بھی شامل تھا۔

اس کے بعد 2015 میں چینی صدر شی جن پنگ کی پاکستان آمد کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان پاک-چین اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کے تحت 51 معاہدوں کی یادشتوں پر دستخط کیے گئے۔

اس منصوبے کو پاکستان کی قسمت بدلنے کے حوالے سے ایک 'گیم چینجر' کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

سی پیک کے تحت گوادر میں ہی ایکسپریس وے کی تعمیر سمیت بلوچستان میں توانائی کا بھی ایک بڑا منصوبہ شامل ہے، جبکہ کئی منصوبوں پر ملک کے دیگر صوبوں میں کام کیا جائے گا۔

تبصرے (2) بند ہیں

فروا حیدر Apr 24, 2017 03:48pm
واہ کیا بات ہے اشتہار پاک چین دوستی کا مگر فنکار بھارتی،،کم ازکم فنکار تو پاکستانی لے لیتے۔۔۔۔
سید آصف جلال Apr 24, 2017 05:04pm
اشتہار دیکھتے ہوئے میرے ذہن میں وہ خدشات زیر گردش رہے جن کا اظہار عوامی سطح پر ہوتارہا ہے ، یعنی سی پیک منصوبے کے ذریعے چائنیز کا پاکستانی کمیونیٹی میں اختلاط ۔۔۔۔ یا ایسٹ انڈیا کپمنی کی طرز میں سماجی میں اثر و نفوذ ہونا ۔۔۔ مستقبل اللہ ہی جانے ۔۔